کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)بلوچستان کے سیکنڈالیون اسکواڈ میں شامل آف اسپنر حیات اللہ کو پی سی بی کے کوڈ آف کنڈکٹ برائے کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف کی خلاف ورزی کرنے پر تنبیہ جاری کردی گئی ہے۔
انہیں ٹی ایم سی گراؤنڈ کراچی میں سنٹرل پنجاب کے خلاف تین روزہ نان فرسٹ کلاس میچ میں زیادہ اپیلیں کرنے پر تنبیہ جاری کی گئی ہے۔
یہ واقعہ جمعرات کے روز سنٹرل پنجاب کے خلاف میچ میں اس وقت میں پیش آیا، جب حیات اللہ نے سنٹرل پنجاب کی پہلی اننگز کے 34ویں اوور میں خود باؤلنگ کرتے ہوئے زیادہ اپیلیں کیں۔
آن فیلڈ امپائرز خالدمحمود سینئر اور اسلم بڑیج نےکوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر آف اسپنر پر چارج عائدکردیا۔ اسپنر کی جانب سے کوڈآف کنڈکٹ کی یہ خلاف ورزی لیول ون کے زمرے میں آتی ہے۔
حیات اللہ نے خود پرعائد چارج کو قبول کرلیا، بعدازاں جس پر میچ ریفری خالد محمود نے تنبیہ جاری کردی۔