فٹ بال

آخری میچ، آخری گول، آخری سلام! میسی نے ارجنٹینا کے لیے تاریخ رقم کر دی

میسی کا شاندار کیریئر اختتام پذیر، آخری میچ میں گول کر کے مداحوں کو رلا دیا

آخری میچ، آخری گول، آخری سلام! میسی نے ارجنٹینا کے لیے تاریخ رقم کر دی

جس نمبر 10 نے ارجنٹینا کو برسوں تک جیت کے خواب دکھائے، اسی نمبر کے ساتھ لیونل میسی نے قومی ٹیم کو آخری سلام کہہ دیا،ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر لیونل میسی نے قومی ٹیم کے ساتھ اپنے 21 سالہ شاندار بین الاقوامی کیریئر کا اختتام ایک یادگار فتح کے ساتھ کردیا۔

بیونس آئرس کے مونومینٹل اسٹیڈیم میں 85 ہزار سے زائد شائقین کے سامنے کھیلے گئے آخری میچ میں ارجنٹینا نے بینن کوتین صفر سے شکست دی،

جبکہ میسی نے ایک گول اور 2 اسسٹس کے ساتھ شاندار الوداعی کارکردگی پیش کی۔میچ سے قبل ہی بیونس آئرس میں میسی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

دارالحکومت کی اہم عمارتیں ارجنٹینا کے آسمانی اور سفید رنگوں سے روشن تھیں، جبکہ میسی کے آبائی شہر روزاریو میں ان کے نام اور مشہور نمبر 10 والی بڑی شرٹ بھی نمائش کے لیے پیش کی گئی۔

مونومینٹل اسٹیڈیم میں موجود 85 ہزار سے زائد شائقین نے قومی ہیرو کا بھرپور استقبال کیا۔ قومی ترانے کے دوران میسی اور ارجنٹینا کے کوچ لیونل اسکالونی بھی جذباتی نظر آئے،

جبکہ شائقین نے مشہور ارجنٹینی نغمے ’موچاچوس‘ کے ذریعے اپنے کپتان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔میچ کے 10ویں منٹ میں میسی کی جرسی کے نمبر 10 کے اعزاز میں کھیل روک دیا گیا۔

اس موقع پر پورا اسٹیڈیم کھڑا ہوگیا اور شائقین نے ایک منٹ تک تالیاں بجا کر اپنے محبوب کھلاڑی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔میچ میں ارجنٹینا کی جانب سے پہلے نکولس اوتامندی نے گول کیا،

جس میں میسی نے معاونت فراہم کی۔ اس کے بعد نیکو پاز نے دوسرا گول کیا، جس میں بھی میسی کا اہم کردار رہا۔اختتامی لمحات میں میسی نے پنالٹی پر گول کرکے ارجنٹینا کی برتری تین صفرکردی۔

یہ قومی ٹیم کے لیے ان کا 126واں گول تھا اور اسی کے ساتھ انہوں نے اپنی آخری انٹرنیشنل پیشی کو بھی یادگار بنا دیا۔39 سالہ لیونل میسی نے ارجنٹینا کے لیے 208 میچز میں 126 گول کیے اور قومی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کی حیثیت سے رخصت ہوئے۔

میسی کے شاندار بین الاقوامی سفر میں 2 کوپا امریکا ٹائٹلز اور سب سے بڑھ کر 2022 کا ورلڈ کپ شامل ہے، جب انہوں نے طویل انتظار کے بعد ارجنٹینا کو عالمی چیمپئن بنوانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

میسی نے اگست کے اختتام پر قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

ارجنٹینا کے لیے ان کا آخری میچ ختم ہونے کے بعد شائقین نے ایک شاندار ڈرون شو، موسیقی، آتش بازی اور نعروں کے ذریعے اپنے ہیرو کو الوداع کہا۔ قومی ٹیم سے رخصتی کے باوجود میسی کا کلب فٹبال کا سفر جاری رہے گا اور وہ انٹر میامی کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔

126 گول، 208 میچز، ورلڈ کپ اور بے شمار یادیں،لیونل میسی نے ارجنٹینا کی جرسی میں آخری بار میدان چھوڑ دیا، لیکن جس کھلاڑی نے ایک نسل کو فٹبال سے محبت کرنا سکھایا، اس کا نام ارجنٹینا کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!