راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)راولپنڈی میراتھن 2021ء ریس ساہیوال کے محمداختر نے جیت لی، انڈر 16کیٹگری میں لاہور کے سبحان عاشق اور بلائنڈ کیٹگری میں تیمر گرہ کے سیف اللہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔بلائنڈ کیٹگری میں 6کلامیٹرمیراتھن کانیا ورلڈ ریکارڈ قائم ہوگیا۔ میراتھن جیتنے والے اتھلیٹس میں مجموعی طورپر 2لاکھ روپے سے زائد نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔
مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن(ر) انوارالحق نے اے ڈی سی جی ظہیرانورجپہ، ڈائریکٹرسپورٹس پنجاب حفیظ بھٹی، ڈی اوسپورٹس منظر، ڈی ایس اوشمس توحیدعباسی، صوبائی کوچز محمداعجاز، یاسمین اختر، شفقت نیازی ودیگر آفیشلز کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے زیراہتمام اوپن کیٹگری 16کلومیٹرمیراتھن ٹی چوک روات سے شروع ہوکر لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس راولپنڈی میں اختتام پذیرہوئی، جس میں ساہیوال کے محمداختر نے پہلی ، راولپنڈی کے اسرار نے دوسری اور جہلم کے شیرخان نے تیسری پوزیشن حاصل کی،
جنہیں میڈلز کے ساتھ بالترتیب 30ہزار، 20ہزار اور 10ہزار روپے نقد انعامات سے نوازاگیا۔ انڈر 16کیٹگری 6کلومیٹر میراتھن مورگاہ موڑ سے شروع ہوکر لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس میں ختم ہوئی جس میں لاہور سبحان عاشق اول، اسامہ حسن دوم اور سرگودھا کے نور شیروان سوم رہے جنہیں بالترتیب 10ہزار، 7ہزار اور 5ہزار روپے نقد انعام دیاگیا۔ 6کلومیٹر بلائنڈ کیٹگری میراتھن ریس مورگاہ موڑ سے لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس تک ہوئی جس میں تیمر گرہ کے سیف اللہ نے پہلی
مردان کے عرفان اللہ نے دوسری اور گوجرانوالہ کے محمداکرم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ میراتھن ریس کے تمام شرکاء کو خصوصی سرٹیفکیٹ بھی عطا کیے گئے۔