کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے کے پہلے روز جنوبی افریقہ کی ٹیم 220 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی جس کے بعد پاکستان نے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 33رنزسکور کرلیے ہیں ۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقی کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں دیکھ کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
نیشنل سٹیڈیم میں جاری اس میچ میں پاکستان نے اوپننگ بلے باز عمران بٹ اور سپنر نعمان علی کو ڈیبیو کرایا جبکہ حسن علی کی 2 سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ۔ مہمان ٹیم کی جانب سے ایڈن ماکرم اور ڈین ایلگر نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے 30 کے مجموعی سکور پر ایڈن مارکرم کو واپس پویلین بھیج دیا ، وہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،تیسرے نمبرپر بیٹنگ کے لیے آنیوالے راسی وین ڈیر ڈسن 17 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔
فاف ڈوپلیسی اور ڈین ایلگر نے تیسری وکٹ کے لیے 45 رنز جوڑے جس کے بعد ڈوپلیسی 23 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، کپتان کوئنٹن ڈی کوک بھی صرف 15 رنز بنا کر نعمان علی کا پہلا ٹیسٹ شکار بنے، نصف سنچری سکور کرنے والے ڈین ایلگر بھی ڈرائیو کھیلنے کو کوشش کرتے ہوئے نعمان علی کا دوسرا شکار بن گئے، 5 وکٹیں گرنے کے بعد ٹمبا باووما کا ساتھ دینے جارج لنڈے آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 43 رنز جوڑے۔
اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی،حسن علی کی بہترین تھرو پر رن آؤٹ کے نتیجے میں باووما پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے۔چائے کے وقفے کے بعد یاسر شاہ نے کیشو مہاراج کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ 35 رنز بنانے والے جارج لنڈے کو حسن علی نے اپنا شکار بنایا۔ اینرچ نورجے کو بھی یاسر شاہ نے اپنا شکار بنا لیا۔ لنگی نگیدی آئوٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جو شاہین آفریدی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3، شاہین آفریدی اور نعمان علی نے2،2 اور حسن علی نے ایک وکٹ لی ۔ قومی ٹیم نے اپنی بیٹنگ شروع کی تو پاکستانی ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام رہا اور عابد علی 4، عمران بٹ 9 اور بابراعظم 7 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے جبکہ نائٹ واچ مین کے طور پر آنے والے شاہین آفریدی بھی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، یاد رہے کہ بابراعظم پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں قیادت کررہے ہیں۔