کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے لاہور قلندرز اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی سب سے مقبول فرنچائز لاہور قلندرز نے قومی کھیل ہاکی کی ترقی کا بھی بیڑا اٹھا لیا ہے۔لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے ساتھ قلندرز ہاکی لیگ کا معاہدہ کرلیا، معاہدے کی تقریب کے ایچ اے گراؤنڈ پر ہوئی۔
لاہور قلندر کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ عاطف رانا نے بتایا کہ رمضان المبارک میں کراچی میں قلندر ہاکی لیگ کرائی جائے گی جس میں 6 ٹیمیں شرکت کریں گی، ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے میچ میں کھلاڑیوں کو کیش انعامات بھی دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح لاہور قلندرز نے ملک میں کرکٹ کا جال بڑھایا ہے اسی طرح ہاکی کو بھی ملک کے کونے کونے تک پہنچائیں گے۔عاطف رانا نے کہا کہ جس طرح کرکٹ میں لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور دلبر حسین سمیت بے شمار کھلاڑی پاکستان ٹیم کو دیے ،ہاکی میں بھی نیا ٹیلنٹ قلندر ہاکی لیگ سے ملے گا۔کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے لاہور قلندرز کی ہاکی میں دلچسپی پر خوشی کا اظہار کیا، تقریب کے اختتام پر ہاکی کھلاڑیوں نے لاہور قلندرز کے سونگ میں دھمال بھی ڈالا۔