لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم سے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی جس میں قومی کھیل ہاکی و دیگر کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا
ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی بھی موجود تھے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم نے کہا کہ سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے، ہاکی کی بحالی کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے حال ہی میں پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ منعقد کرائی ہے جس میں پنجاب کے 9 ڈویژنز کے سینکڑوں کھلاڑیوں نے حصہ لیا
چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 43کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جن کو مزید تربیت دینے کے لئے تربیتی کیمپ لگایا جائے گا
وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم نے مزید کہا کہ پاک جاپان بزنس کونسل سے مل کر ہاکی اور دیگر کھیلوں کو فروغ دیں گے، پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے پاک جاپان بزنس کونسل سپورٹس کے ٹیلنٹ کو دنیا میں روشناس کرائے گی، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم نے صدر پاک جاپان بزنس کونسل رانا عابد حسین کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم کا دورہ کرایا، رانا عابد حسین نے وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم کو پاک جاپان بزنس کونسل کا بیج لگایا۔