کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ): غیرملکی سیکیورٹی ماہرین نے پی ایس ایل فائنل کے لئے کیے جانے والے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں پی ایس ایل فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران غیرملکی سیکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن نے کہا کہ آج مختلف سیکیورٹی ایجنسیوں نے بریفنگ دی جب کہ فائنل کے لئے سیکیورٹی انتظامات حوصلہ افزا ہے۔
رگ ڈیکاسن نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے سیکیورٹی انتظامات پہلا قدم ہے، سیکیورٹی کے انتظامات سے مطمئن ہوں جو کہ بین الاقوامی معیار کے ہیں اور اس حوالے سے 7 روزمیں رپورٹ دوں گا۔
خیال رہے کہ ریگ ڈیکاسن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) کے ساتھ منسلک ہیں اور وہ سیکیورٹی انتظامات سے متعلق اپنی رپورٹ آئی سی سی کو بھیجیں گے۔
وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے لئے ہرممکن اقدامات کیے جب کہ رگ ڈیکاسن بھی سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوگا اور کوشش ہےکہ سندھ کے عوام کو کرکٹ واپس ملے۔