بیونس آئرس (سپورٹس لنک رپورٹ)کولمبیا میں جاری احتجاجی تحریک کے باعث منتظمین نے کوپا امریکا کپ کے میچوں کی مشترکہ میزبانی کولمبیا سے واپس لے لی ہے جس کے بعد کوپاامریکا کپ کا کوئی میچ کولمبیا میں نہیں کھیلا جائے گا یاد رہے کہ کوپاامریکا کپ کی میزبانی ارجنٹائن اور کولمبیا مشترکہ طور پر کر رہے تھے مگر وہاں پر اپریل سے جاری ٹیکس نفاذ کیخلاف تحریک کے باعث اب تمام میچوں کی میزبانی ارجنٹائن کو دے دی گئی ہے دس ٹیموں پرمشتمل ٹورنامنٹ کا فائنل رائونڈ تیرہ جون سے دس جولائی تک کھیلا جانا ہے ، حکومت کی جانب سے متنازعہ ٹیکس واپس لینے کے باوجود تحریک نہیں رک سکتی ہے اور ملازمین یومیہ اجرت بڑھانے کے حوالے سے اب تک احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر ہیں جس کی وجہ سے کئی مقامی میچ بھی منعقد نہیں ہوسکے ہیں اور ان میچوں کو پیراگوئے اور ایکواڈور منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب کولمبیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ارجنٹائن میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے اکتیس مئی تک مکمل لاک ڈائون ہے ٹورنامنٹ میں برازیل کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کریگی۔