لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آئندہ ماہ دس جون سے ایجبسٹن میں شروع ہوگا اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس ٹیسٹ میں کو دیکھنے کیلئے پندرہ ہزار شائقین کو میدان میں آنے کی اجازت دیدی جائے گی ، ایجبسٹن میں تقریباً پچیس ہزار شائقین کرکٹ کے بیٹھنے کی گنجائش ہے تاہم حکومتی ہدایات کے مطابق عمل کرتے ہوئے پندرہ ہزار شائقین کو میدان میں آنے کی اجازت ملنے کا امکان ہے، کرکٹ شائیقن کی میدانوں میں واپسی حکومت کی جانب سے کورونا پابندیوں میں نرمی کا ایک حصہ ہے تاہم میدان میں آنے والے شائقین کو سخت ایس او پیز پر عمل کرنا پڑے گا اور اس حوالے سے کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے بھی واضح کیا ہے کہ اگر شائقین میدان آنا چاہتے ہیں تو انہیں حکومتی ایس او پیز کے مطابق چلنا پڑے گا ان کا کہنا تھا کہ اگر اس پہلے ٹیسٹ میچ میں شائقین کی آمد کے مثبت نتائج سامنے آئے تو آئندہ میچوں میں تعداد کو بڑھایا بھی جاسکتا ہے ۔