لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو ابوظبی کا وزٹ ویزا مل گیا جس کے بعد ان کی آج رات روانگی کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کمرشل پرواز سے متحدہ عرب امارات روانگی کی منظوری ملنے کے بعد پی ایس ایل 6 کے میڈیکل ایڈوائزری پینل کی مشاورت سے لاہور اور کراچی کے ہوٹلوں میں آئسولیشن میں موجود سرفراز احمد سمیت 13 کھلاڑیوں اور آفیشلز کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پی سی بی کا کہناہے کہ ان افراد کے ویزوں میں مزید ممکنہ تاخیرکے سبب یہ فیصلہ کیا، ویزے جاری ہونے کے بعد ان کو پی سی آر ٹیسٹ کرانے کے بعد پہلی دستیاب فلائٹ سے ابوظبی روانہ کیا جائے گا۔
دوسری طرف فاسٹ بولر محمد حسنین سمیت 5 کھلاڑی اور آفیشلز کراچی سے براستہ دوحہ ابو ظبی پہنچ گئے ہیں جب کہ لاہور سے بھی 12 افرادابوظبی گئے ہیں۔
پی ایس ایل 6 کے سربراہ بابر حامد کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے جس پر افسوس ہے ،
غیر معمولی حالات میں غیر متوقع چیلنجز کے سبب کھلاڑیوں اور آفیشلز کو یہ پریشانی ہوئی۔