اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ ) قومی انڈر 23 فٹ بال چیمپئن شپ میں سندھ سینٹس اور بلوچستان زوراور کی ٹیموں نے اپنے ،اپنے میچز جیت لئے۔ گذشتہ روز کنج فٹ بال گرائونڈ ایبٹ آباد میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سندھ سینٹس نے اسلام آباد ٹائیگرز کو 3-0 پنلٹی ککس سے ہرادیا۔ میچ کے مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔ میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا۔ پنلٹی ککس پر سندھ کی جانب سے رضوان الیاس، نعمان بلوچ اور محمد نعمان نے پنلٹی ککس پر گول کئے، جبکہ اسلام آباد ایگلز کے کھلاڑی پنلٹی ککس پر کوئی بھی گول نہ کرسکے۔
اس میچ میں ریفریز کے فرائض احسن احمد، عدیل انور اور عدنان انجم نے انجام دیئے، دوسرے میچ میں بلوچستان زوراور نے خیبر ایگلز کو 2-1 گول سے شکست دی ۔ وقفے تک دونوں ٹیمیں 1-1 گول سے برابررہیں۔ پہلے ہاف کے 5 ویں منٹ میں خیبر ایگلز کی جانب سےشیراز خان نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کو 18 ویں منٹ بلوچستان کے کھلاڑی زوہیب ایوب نے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا، میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل بلوچستان کے کھلاڑی سخی محمد نے گول کرکے مقابلہ 2-1کر دیا جو میچ کے اختتام تک جاری رہا
ریفری کے فرائض مقصود احمد، زاہد علی اور ندیم بٹ نے انجام دیئے، میچ کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری طارق محمود تھے، جن کا آرگنائز نگ سیکرٹری عادل خان جدون نے کھلاڑیوں سے تعارف کروایا،اس موقع پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نوید اکرم ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ارشد عمر ضیا اور یونین کونسل کےسابق ناظم محمد یونس عباسی کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، (آج) ہفتہ کو دو کوارٹرفائنل مقابلے کھیلے جائیں گے۔ پہلے کوارٹر فائنل میں کشمیر کنگز کا مقابلہ بلوچستان بازیگرز سے ہوگا۔ دوسرےکوارٹرفائنل میں پنجاب واریئرز اور کے پی کے فالکن کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی