مشفیق الرحیم اور کوچنگ سٹاف کے 5اراکین پاکستان نہیں آئینگے

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز مشفیق الرحیم اور کوچنگ اسٹاف کے پانچ اراکین دورہ پاکستان سے دستبردار ہو گئے ہیں۔بنگلہ دیش کی ٹیم تین ٹی20 اور ایک ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی لیکن دورے سے قبل ہی ٹیم کے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے پاکستان جانے سے انکار کردیا جبکہ بنگلہ دیش کے کوچنگ اسٹاف کے 5اراکین بھی دورے سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

کرک انفو کے مطابق مشفیق نے اس فیصلے کی وجہ اہپنے اہلخانہ کے تحفظات کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی20، ٹیسٹ یا ون ڈے کسی بھی میچ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے بنگلہ دیش کے لیے نہ کھیلنے سے بڑا کوئی گناہ نہیں لیکن میں نے پاکستان سپر لیگ کے مکمل طور پر پاکستان میں انعقاد کی خبر سن کر ہی لیگ کے لیے کسی بھی قسم کی پیشکش سے انکار کردیا تھا کیونکہ میرے اہلخانہ راضی نہیں ہوئے۔

تاہم وکٹ کیپر بلے باز نے تسلیم کیا پاکستان کی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے اور جیسے ہی میں اگلے دو سال میں مزید ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی تو میرا بھی دورے کے لیے اعتماد بحال ہو جائے گا۔یاد رہے کہ مشفیق کے انکار کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم مزید کمزور ہو گئی ہے جسے پابندی کا شکار شکیب الحسن کی خدمات بھی حاصل نہیں ہوں گی۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کے بیٹنگ اور فیلدنگ کوچ سمیت کوچنگ اسٹاف کے پانچ اراکین دورہ پاکستان سے دستبردار ہو گئے ہیں۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کرکٹ آپریشنز اکرم خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹنگ کوچ نیل میکنزی، فیلڈنگ کوچ ریان کُک دورہ پاکستان سے دستبردار ہو گئے ہیں جبکہ باؤلنگ کوچ کی ہم ابھی تصدیق نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ماریو ولاوراین کا حال ہی میں ہاتھ ٹوٹ گیا تھا جبکہ ٹیم اینالسٹ کی خدمات بھی اسکائپ پر ہی دستیاب ہوں گی۔یاد رہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم کے ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو پہلے دورہ پاکستان کی خواہش ظاہر کر چکے تھے البتہ اب انہیں کوچنگ عملے میں صرف فزیو جولین سیلافاٹو کی خدمات حاصل ہوں گی۔

error: Content is protected !!