پشاور(سپورٹس رپورٹر)خیبرپختونخواسائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان کی 74ویں یوم آزادی کوشایاں شان طریقے سے منانے اورآزدی کے دن کویادگاربنانے کی غرض سے ملکی وصوبائی سطح پر مقابلے منعقد کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں پہلا مقابلہ گزشتہ روز شاہ گئی سے مچنی پوسٹ تک 22 کلو میٹر مینز الائٹ سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا‘پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اور صوبائی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدرنثاراحمد نے پشاورمیں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ہم نے13اگست کویوم آزادی کی مناسبت سے سپورٹس آفس خیبرایجنسی کے تعاون ڈی ایس او خیبر راھد گل جشن آزادی پاکستان سائیکل ریس کاانعقاد کیا جس میں صوبہ بھرسے کھلاڑی شریک ہوئے
ریس صبح آٹھ بجے باب خیبرسے شروع ہوکر مچنی چیک پوسٹ پراختتام پذیرہوئی۔جس میں پشاور کے عمران نے 48-16-53 سیکنڈز کیساتھ پہلی ‘صادق اللہ نے 48-17-53 سیکنڈز کیساتھ دوسری ‘ محسن نے 48-18-87 سیکنڈز کیساتھ تیسری‘یوسف نے چوتھی جبکہ مردان کے عزیر نے پانچویں اور مردان کے فاروق نے چھٹی پوزیشن حاصل کی‘ریس کا افتتاح ضم شدہ اضلاع کے ڈائریکٹر سپورٹس پیر عبداللہ شاہ نے کیا ان کے ہمراہ صدر ایشین سائیکلنگ فیڈریشن و صدر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سید اظہر علی شاہ ‘جنرل سیکرٹری نثار احمد ‘ڈی ایس او خیبرراحد گل ملاگوری ‘ صدر خیبرمعراج الدین شینواری‘انٹرنیشنل سائیکلسٹ و کوچ مراد علی اوراحمد حسین سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں‘اختتامی تقریب کے موقع پر صدر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سید اظہر علی شاہ ‘جنرل سیکرٹری نثار احمد نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے
جس کے بعد کھلاڑی آج چودہ اگست کے موقع پر جبکہ 14اگست کے پروقاردن پرآل پاکستان آزادی سائیکل ریس میں شرکت کے لئے ایبٹ آباد روانہ ہوگئے ریس آج ایبٹ آباد تانتھیاگلی منعقد کی جا رہی ہے یہ ریس پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے ‘ریس آج چودہ اگست کی صبح آٹھ بجے بورڈآف انٹرمیڈیٹ ایبٹ آباد سے شروع ہوکردوپہرایک بجے نتھیاگلی میں اختتام پذیرہوگی۔