سرکاری ٹی وی کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے لائیو شو میں شعیب اختر سے تلخ کلامی کے معاملے پر معافی مانگ لی۔ڈاکٹر نعمان نیاز نے اپنے بیان میں کہا کہ پروگرام میں آن ائیر جو مجھ سے ہوا اس پر جتنا رد عمل آیا وہ بالکل جائز تھا، وجہ جو بھی تھی آن ائیر یہ سب کرنے کا مجھے حق نہیں تھا ، میری غلطی تھی۔میزبان نے کہا کہ میں اپنی غلطی پر ایک بار نہیں ہزاروں بار معافی مانگتا ہوں، شعیب اختر اسٹار ہیں مجھے ان کی کرکٹ سے محبت ہے ۔انہوں نے ایک یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے بعد والد نے کہا کہ مجھے تم سے یہ توقع نہیں تھی، تم نے غلطی کی
اس وقت شعیب اختر اسٹار اور میں صرف میزبان تھا مجھے معاملہ سنبھالنا چاہیے تھا۔ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ یہ چیز نہیں ہونی چاہیے تھی جس کا میں خمیازہ بھگتنے کے لیے تیار ہوں اور بھگت رہا ہوں۔خیال رہے کہ ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے نیوزی لینڈ سے میچ کے بعد ڈاکٹر نعمان نیاز نے اسپورٹس پروگرام میں شعیب اختر کے ساتھ بد تہذیبی کا مظاہرہ کیا تھا اور شو سے چلے جانے کا کہہ دیا تھا۔جواب میں شعیب اختر نے آن ایئر ہی پی ٹی وی سے استعفی دے کر شو چھوڑ دیا تھا۔