پاکستان کے پہلے ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹر کے ڈیزائن اور دیگر سہولیات کی منظوری


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے پاکستان کے پہلے ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹر کے ڈیزائن اور دیگر سہولیات کی منظوری دیدی ہے، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار جلدہاکی ہائی پرفارمنس سینٹر کا سنگ بنیاد رکھیں گے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی آسٹروٹرف جلد از جلد تبدیل کرنے کی ہدایت کردی، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میںصوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کی زیرصدارت بدھ کے روز اہم اجلاس منعقد ہواجس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ اور مینجر پاکستان ہاکی ٹیم خواجہ جنید نے شرکت کی
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے پاکستان کے پہلے ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹرکے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی،بریفنگ کے بعد صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹر کے ڈیزائن اور دیگر سہولیات کی منظوری دیدی، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹر کا قیام ہاکی کو دوبارہ عروج پر لے جانے کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا،سنٹر میں عالمی معیار کے مطابق کوچز، ٹرینر، نیوٹریشنسٹ اوردیگر عملہ تعینات ہوگا ، ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹر کے قیام سے ہاکی کے نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات دستیاب ہوں گی جس سے ان کا کھیل بہتر ہوگا اور وہ عالمی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں گے
صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے ہدایت کی کہ ہاکی ہائی پرفارمنس سینٹر کیلئے بہترین ایچ آر کی خدمات لی جائیں ،ہاکی ہائی پرفارمنس سینٹر کا سنگ بنیاد جلد وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار رکھیں گے،انہوں نے مزید کہا ہے کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم کو اپ گریڈ کیا جائے گا ،وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی کی نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی آسٹروٹرف جلد از جلد تبدیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹروٹرف بین الاقوامی سٹینڈرڈ کے مطابق تنصیب کی جائے ۔



