ڈی جی سپورٹس خیبر پختونخوا اوپن ٹینس چیمپئن شپ 22 مارچ سے پشاور سپورٹس کمپلکس شروع ہوگی،چیمپئن شپ میں مختلف ڈیپارٹمنٹس سمیت صوبہ بھر سے 170 سے زائد کھلاڑی شرکت کریں گے جس کے لئے انعامی رقم ایک لاکھ پچاس ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ انٹری کی آخری تاریخ 18 مارچ 2022 مقرر کی گئی ہے، چیمپئن شپ کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عمر آیاز نے کہا کہ 22 مارچ سے شروع ہونے والا چیمپئن شپ میں مینز سنگل،مینز ڈبل،بوائز انڈر 10 سنگل،بوائز انڈر 13 اور بوائز انڈر 18 کیٹگری میں 170 سے ذائد کھلاڑی حصہ لیں گے جس میں خیبر پختونخوا سمیت پاکستان ائیرفورس،پاک وپڈا،ایس این جی پی ایل اور پولیس کے کھلاڑی شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹری کی آخری تاریخ 18مارچ ہے جبکہ 21 مارچ کو مقابلوں کی ڈرا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کا افتتاح اکائونٹنٹ جنرل کے پی مرتضیٰ خان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس کے پی خالد خان کریں گے جبکہ اس موقع پر ان کے ہمراہ خیبر پختونخوا اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ،خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر ڈی آئی جی سلیم مروت،چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر،سنئر نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر فرحت عباس موجود ہوں گے۔ جبکہ آرگنائزنگ کمیٹی ذاکر اللہ،نعمان خان،شاحسین،رومان خان اور شاہد آفریدی پر مشتمل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ میں حال ہی میں ڈیوس کپ کھیلنے والے کھلاڑی شعیب خان اور خیبر پختونخوا کے بین الا قوامی کھلاڑی برکت اللہ،یوسف علی،اعجاز احمد،ثاقب عمر،عاقب عمر،کاشان عمر،حمزہ رومان،حامد اسرار اور عزیر خان شرکت کریں گے۔جبکہ چیمپئن شپ کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔