خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع ڈسٹرکٹ اورکزئی میں تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والا ٹورازم و سپورٹس اورکزئی فیسٹیول کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ فیسٹیول میں مقامی نوجوانوں، بزرگوں سمیت سکول طلبہ اور علاقہ مشران نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اورکزئی اورالیون کور اورکزئی سکاؤٹس کے باہمی اشتراک سے کلایہ ہیڈکوارٹر اورکزئی میں منعقدہ ہونے والا فیسٹیول اپنی تمام تر رنگینیوں کیساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس رائے کاشف آمین تھے۔ ان کے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی قاضی غزن جمال،پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹورازم ونگ ضم اضلاع خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اشتیاق احمد، ڈپٹی کمشنر اورکزئی آصف رحیم، منیجر انفارمیشن و کلچر ٹورازم اتھارٹی ہمایون خان، ڈی پی او نثار احمد خان، خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے عہدیداران اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔دو روزہ فیسٹیول میں روایتی کھیل تیر اندازی سمیت والی بال، کبڈی، رسہ کشی اور جمناسٹک کے مقابلے منعقد ہوئے۔
فیسٹیول میں شرکاء کیلئے روایتی کھانوں، ہینڈی کرافٹ سٹالز، فائن آرٹس، ریسکیو 1122 کے سٹالز سمیت روایتی حجرہ، بچوں کی ٹیبلو پرفارمنس، روایتی رباب موسیقی سمیت دیگر سرگرمیاں شامل تھیں۔اختتامی تقریب کے موقع پر شاہد خان شینو اور اس کی ٹیم نے مزاحیہ خاکے پیش کئے جبکہ ساتھ ہی شرکاء کو محظوظ کرنے کیلئے موسیقی پرفارمنس جس میں گلوکار عرفان خان اور شاہد ملنگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔فیسٹیول میں منعقدہ مقابلوں میں والی بال میں فیروز خیل زلمی نے پہلی جبکہ مانی خیل ٹائیگرز نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔کبڈی کے مقابلوں میں اورکزئی ٹائیگرز نے پہلی اور اورکزئی ڈیفنڈرز نے دوسری پوزیشن، تیر اندازی میں کلایہ بازار گروپ ون نے پہلی جبکہ کلایہ بازارگروپ ٹو نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور جمناسٹک میں اورکزئی زوانان نے اپنی بہترین پرفارمنس پیش کی۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی قاضی غزن جمال، پی ڈی اشتیاق خان اور ڈی سی آصف رحیم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی صوبے میں موجودہ سیاحتی مقامات کیساتھ ساتھ نئے سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ضم اضلاع میں اورکزئی ڈسٹرکٹ صوبے کے حسین اور قدرتی سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے اور صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق ضم اضلاع میں بھی کیمپنگ پاڈرز، سیاحوں کیلئے آرام گاہیں، رابطہ سٹرکیں اور دیگر سہولیات فراہم کررہے ہیں۔
اورکزئی میں سیاحتی مقامات کا تعین کر لیا گیا ہے اوران سیاحتی مقامات پر نئے پراجیکٹس لے کرآرہے ہیں۔ اورکزئی فیسٹیول آخری فیسٹیول نہیں بلکہ یہ ابتداء ہے ہماری سیکورٹی فورسز اور مقامی لوگوں کی قربانیوں کی بدولت یہاں امن قائم ہوا ہے اور اب یہاں کا مثبت چہرہ دنیا کو پیش کرنے کا موقع ہے۔فیسٹیول میں مقامی افراد اور نوجوانوں کی دلچسپی خو ش آئند ہے۔