دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی قیادت کرنے والے آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی ان کا حوصلہ بڑھانے دبئی پہنچ گئیں۔
پی ایس ایل میں ملتان سلطانز نے اپنا تیسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کیخلاف کھیلا اور تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ثانیہ مرزا کی دبئی آمد شعیب کی ٹیم ملتان سلطانز کے لیے زیادہ مثبت ثابت نہیں ہوئی کیوں کہ اس میچ میں ملتان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ملتان سلطانز نے اپنے ابتدائی دو میچز میں شاندار کامیابی حاصل کرکے شائقین کو حیران کردیا تھا تاہم ثانیہ مرزا اپنے شوہر کی عمدہ پرفارمنس دیکھنے کے لیے ان دنوں دبئی میں موجود نہیں تھیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے کہا کہ انہیں ملتان سلطانز کی ابتدائی دو فتوحات پر بے حد خوشی ہے تاہم ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابھی کافی میچز باقی ہیں اور فی الحال کچھ کہا نہیں جاسکتا۔
خیال رہے کہ ثانیہ مراز پی ایس ایل کے گزشتہ دو سیزن میں بھی شعیب ملک اور ان کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے اسٹیڈیم آتی رہی ہیں تاہم اس سے قبل شعیب ملک کراچی کنگز کا حصہ تھے اور اب وہ ملتان سلطانز کی قیادت کررہے ہیں۔
ثانیہ مرزا نے کہا کہ ’ٹورنامنٹ کا آغاز ہونا اچھی بات ہوتی ہے اور شعیب ملک بھی جہاں تک میں نے سنا ہے نئی ٹیم میں آکر کافی پرجوش ہیں‘۔
ثانیہ مرزا نے اپنی اور شعیب ملک کی بہترین فٹنس کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ ’’شعیب ملک اپنی غذا کا بے حد خیال رکھتے ہیں، میں اتنا خیال نہیں رکھ پاتی لیکن شعیب کافی ڈسپلن کے پابند ہیں‘‘۔
ثانیہ مرزا نے ازراہ مذاق کہا کہ ’’چونکہ شعیب ملک مجھ سے عمر میں بڑے ہیں تو انہیں خود کو فٹ رکھنے کے لیے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے‘‘۔
بھارتی ٹینس اسٹار نے کہا کہ اگر آپ ایتھلیٹ ہیں اور آپ لمبے عرصے تک میدان میں رہنا چاہتے ہیں آپ کو اپنی فٹنس کا بہت زیادہ خیال رکھنا پڑتا ہے اور شعیب ملک بھی اپنی غذا اور فٹنس کا بہت خیال رکھتے ہیں۔
ثانیہ مرزا نے کہا کہ ہربار کی طرح اس بار بھی پی ایس ایل میں بہت مزہ آرہا ہے، دن میں ہونے والے میچز میں لوگوں کی تعداد کم ہے، میں امید کرتی ہوں کہ رات کی طرح دن کی میچز میں بھی شائقین زیادہ سے زیادہ شرکت کریں گے۔
بھارتی اسٹار نے کہا کہ فی الحال وہ ٹینس سے دور ہیں اور بحالی نو کے عمل سے گزر رہی ہیں۔
ثانیہ مرزا نے کہا کہ ملتان سلطانز ایک میچ ہار گئے تو بھی اگلے میچ میں بھرپور تیاری سے ساتھ میدان میں اتریں گے اور کم بیک کریں گے۔