انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ( ای سی بی ) نے بنگلہ دیش کے خلاف اگلے ماہ کھیلے جانے والی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے الگ الگ 15 رکنی سکواڈز کا اعلان کر دیا۔
ای سی بی کے مطابق فرنچائز کرکٹ کی وجہ سے کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے بعد سکواڈز میں اہم تبدیلیاں کی گئیں ، نوجوان سپنر ریحان احمد کو انگلینڈ کے وائٹ بال سکواڈ میں پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے جبکہ ٹام ایبل کو دونوں سکواڈز کا حصہ بنایا گیا ہے۔
لنکاشائر کے فاسٹ باؤلر ثاقب محمود کو ون ڈے سکواڈ میں واپس بلا لیا گیا ہے جو گزشتہ سال مئی میں کمر کی انجری کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلئے تیار ہو چکے ہیں۔
انگلینڈ کے ون ڈے سکواڈ کی قیادت جوز بٹلر کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام ایبل، ریحان احمد، معین علی، جوفرا آرچر، سیم کرن، ثاقب محمود، ڈیوڈ میلان، عادل رشید، جیسن رائے، فل سالٹ، ریس ٹوپلی، جیمز ونس، کرس ووکس اور مارک ووڈ شامل ہیں۔
ٹی 20 سکواڈ کی قیادت بھی جوز بٹلر کریں گے جبکہ ٹام ایبل، ریحان احمد، معین علی، جوفرا آرچر، سیم کرن، بین ڈکٹ، ول جیکس، کرس جارڈن، ڈیوڈ میلان، عادل رشید، فل سالٹ، ریس ٹوپلی، کرس ووکس اور مارک ووڈ دیگر کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔