دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ): لینڈل سمنز اور بابر اعظم کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان سپر لیگ کے 24ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 163 رنز کا ہدف دے دیا۔دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز جو ڈینلی تھے جو یاسر شاہ کی گیند پر کپتان برینڈن میکلم کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین لینڈل سیمنز تھے جو 39 گیندوں پر 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد سہیل خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔کولن انگرام نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر 33 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 12 رنز کے انفرادی اسکور پر وہ سہیل خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔اختتامی اوورز میں کراچی کنگز کو بڑے اوورز کی ضرورت تھی۔ ایسے میں بابر اعظم نے سہیل خان کی گیند پر اونچا شاٹ لگانے کی کوشش کی تاہم باؤنڈری پر سنیل نارائن کو کیچ دے بیٹھے۔شاہد آفریدی کریز پر آئے اور آتے ہی پہلی گیند پر شاہین آفریدی کو چھکا لگادیا تاہم اگلی کی گیند پر نوجوان فاسٹ بولر نے بدلہ لے لیا۔
لاہور کی جانب سے سہیل خان نے تین جبکہ یاسر شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔لاہور قلندرز ٹورنامنٹ میں مسلسل شکست کے باعث پلے آف سے باہر ہوگئی ہے جب کہ کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے۔لاہور قلندرز نے اب تک ایونٹ میں 7 میچز کھیلے جن میں صرف ایک میچ جیت سکی باقی تمام میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔کراچی کنگز 7 میچز میں سے 4 میں کامیاب رہی اور دو میچز میں اسے ناکامی کا سامنا رہا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث نہ کھیلا جاسکا۔ پوائنٹس ٹیبل پر عماد وسیم الیون کو 9 پوائنٹس حاصل ہیں۔