انڈین ویلز(سپورٹس لنک رپورٹ)امریکی ریاست کیلی فورنیا میں جاری انڈین ویلز ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگل ایونٹ میں وینس ولیمز اور ڈاریا کساٹکینا لاسٹ فور مرحلے میں داخل ہو گئیں،امریکی کھلاڑی نے کوارٹر فائنل میں اسپین کی کارلا سواریز نوارو کو مات دی،روسی پلیئر نے جرمنی کی اینجلیک کیربر کو زیر کیا،مینز سنگل مقابلوں میں راجر فیڈرراور بورنا کورچ نے بھی سیمی فائنل راؤنڈ میں رسائی ممکن بنائی لیکن ہیون چنگ اورکیون اینڈرسن کا سفر تمام ہو گیا۔ انڈین ویلز ٹینس گارڈن میں جاری ایونٹ کے ویمنز سنگل کوارٹر فائنل مرحلے میں نمبر آٹھ سیڈ امریکی کھلاڑی وینس ولیمز نے نمبر ستائیس سیڈ اسپینش حریف کارلا سواریز نوارو کیخلاف چھ ،تین اور چھ ،دو سے آسان فتح سمیٹی جس کیلئے انہیں محض 71 منٹ کی محنت کرنا پڑی۔ عالمی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر فائز سات مرتبہ کی گرینڈ سلم چیمپئن وینس ولیمز کو اب سیمی فائنل میں نمبر بیس سیڈ روس کی ڈاریا کساٹکینا کا مقابلہ کرنا ہے جنہوں نے نمبر دس سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر کو لاسٹ ایٹ راؤنڈ میں چھ ،صفر اور چھ ،دو سے ہرا کر گھر واپسی کا ٹکٹ تھما دیا۔ عالمی رینکنگ میں 19 ویں نمبر پر فائز ڈاریا کساٹکینا اس ٹورنامنٹ میں یو ایس اوپن چیمپئن امریکا کی سلون اسٹیفنز کے علاوہ عالمی نمبر دو اسٹار ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو شکست سے دوچار کر چکی ہیں اور وینس ولیمز کیلئے مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔دوسرے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو قدرے آسان حریف جاپان کی ناؤمی اوساکا کیخلاف کورٹ سنبھالنا ہے ۔ اسی ٹورنامنٹ کے مینز سنگل مقابلوں کے کوارٹر فائنل مرحلے میں عالمی نمبر ایک سوئس اسٹار راجر فیڈرر نے سیزن کے بہترین آغاز کا سابقہ ریکارڈ برابر کردیا جب انہوں نے نمبر 23 سیڈ جنوبی کورین حریف ہیون چنگ کو سات،پانچ اور چھ،ایک سے شکست دے کر رواں سیزن کی 16 ویں کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا۔ ایک گھنٹے اور 23 منٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے دفاعی چیمپئن راجر فیڈرر چھٹی مرتبہ انڈین ویلز کا ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرتے ہوئے سیمی فائنل میں کروشیا کے بورنا کورچ کے مقابل آئیں گے جنہوں نے لاسٹ ایٹ راؤنڈ میں نمبر سات سیڈ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کو تین سیٹس پر مشتمل سخت مقابلے کے بعد دو،چھ ،چھ ،چار اور سات،چھ سے ٹھکانے لگایا تھا۔ واضح رہے کہ ہیون چنگ کیخلاف کامیابی نے یہ بات بھی یقینی بنا دی ہے کہ راجر فیڈرر ایونٹ کے اختتام تک عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر فائز رہیں گے ۔