سڈنی: (سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مسلمان کھلاڑی عثمان خواجہ کی شریکِ حیات بننے جا رہی ریچل میکلیلن ایک مسیحی خاتون تھیں تاہم انہوں نے گزشتہ سال اسلام قبول کر لیا تھا۔آسٹریلیا کے پہلے مسلمان کرکٹر عثمان خواجہ کی ہونے والی شریکِ حیات ریچل میکلیلن نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مسلمانوں کے بارے میں اکثر منفی خبریں ہی سنی اور پڑھیں تھیں۔ عثمان خواجہ ان کی زندگی میں آنے والے پہلے مسلمان شخص تھے لیکن وہ شروع میں ان کے مذہب کی وجہ سے زیادہ توجہ نہیں دیتی تھیں۔ریچل نے بتایا کہ عثمان یا ان کے گھر والوں کی طرف سے ان پر مسلمان ہونے کا کوئی دباؤ نہیں تھا لیکن ان کو معلوم تھا کہ یہ بات عثمان کے لیے بہت اہم ہے۔دوسری جانب عثمان خواجہ نے انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی زندگی میں عقیدے کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر انھیں دوسرے مسلمان لوگوں کی جانب سے نفرت آمیز پیغامات موصول ہوتے جن میں لکھا ہوتاب تھا کہ ریچل سے شادی کرنا حرام ہے کیونکہ وہ مسلمان نہیں ہے۔ عثمان خواجہ اور ریچل نے بتایا کہ وہ دونوں آئندہ اگلے ماہ اپریل میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے جا رہے ہیں۔