پاکستان انڈر 19 نے سری لنکا انڈر19 کو 4 روزہ میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے دی،
8 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر بنالیا۔ میچ تیسرے روز ہی ختم
پاکستان انڈر 19 نے سری لنکا انڈر 19 کو واحد چار روزہ میچ میں9 وکٹوں سے شکست دیدی۔
میزبان ٹیم کو جیتنے کے لیے صرف 8 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر بنالیا۔
آؤٹ والے بیٹر اذان اویس تھے جو ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ شاہ زیب خان 2 اور کپتان سعد بیگ 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں یہ چار روزہ میچ تیسرے دن ہی ختم ہوگیا۔
سری لنکا نے آج 155 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ کے اسکور پر اپنی پہلی اننگز شروع کی اور پوری ٹیم 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اس طرح انہیں اسے فالوآن کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیندو پریرا 9 چوکوں کی مدد سے65 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
پاکستان انڈر19 کی طرف سے ایمل خان اور محمد ابتسام نے تین تین وکٹیں حاصل کیں ۔ عرفات منہاس نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
فالوآن کے بعد سری لنکا انڈر 19 نے دوسری اننگز میں اچھا آغاز کیا اور پولیندو پریرا اور کپتان سینتھ جے وردھنے نے 82 رنز کا اضافہ کیا۔
پریرا نے دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری اسکور کی اور50 رنز بنائے جس میں آٹھ چوکے اوردو چھکے شامل تھے۔ جے وردھنے دس چوکوں کی مدد سے52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم اس کے بعد پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں مہمان ٹیم 236 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان انڈر19 کی طرف سے علی اسفند، محمد اسماعیل، نوید احمد خان اور محمد ابتسام نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اب دونوں ٹیموں کے درمیان نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 22 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔