لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) اے ایف سی کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کی صدارت میں کوالالمپور، ملائشیا میں منعقد ہونے والی اے ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی میٹنگ میں پی ایف ایف کے تباہ حال ہیڈ کوارٹرز کی عمارت کی بحالی کے لیے خصوصی فنڈز کا اعلان کردیا۔ اس سے قبل پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات نے اے ایف سی کو بذریعہ خط درخواست کی تھی کہ پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز پر تین سالہ غیر قانونی قبضہ کے دوران ہیڈ کوارٹرز کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے جس کی تلافی کیلئے اور عمارت کی مکمل بحالی اور پرانی حالت میں واپس لانے کیلئے ماہر کمپنیوں کی جانب سے 3کروڑ 33 لاکھ کی خطیر رقم کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ پی ایف ایف اپنے پاس موجود محدود وسائل سے فٹبال سرگرمیوں کے ساتھ پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز کی مرمت و تزئین و آرائش کا کام نہیں کروا سکتے، اے ایف سی خصوصی گرانٹ کا اعلان کرے۔انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اے ایف سی چند ہی دن میں اپنا کنسلٹنٹ بھیجے گی جو نقصانات و ضروریات کا تخمینہ لگا کر ٹینڈر کے عمل کا آغاز کریگا۔ اس کیساتھ ساتھ اے ایف سی ایگزیکٹو کمیٹی نے پاکستان کیلئے انفرا سٹرکچر کی مد میں ایک اور پراجیکٹ کا اعلان بھی کردیا جس پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ صدر پی ایف ایف نے اس موقع پر ایگزیکٹو کمیٹی کا تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر اے ایف سی پاکستان سے خصوصی محبت رکھتے ہیں اور ہمیشہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردا ر ادا کرتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے گزشتہ سال پاکستان فٹبال فیڈریشن پر عائد پابندی فوری طور پر اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی رکنیت کے تمام تر حقوق بحال کر دئیے تھے۔گزشتہ کچھ سالوں سے پاکستان فٹبال فیڈریشن اندورونی خلفشار کا شکار تھا اور دو دھڑوں میں طاقت کے حصول کی جنگ جاری تھی جس کو دیکھتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ نے فیڈریشن کے معاملات کو دیکھنے کیلئے ایک ایڈمنسٹریٹر تعینات کردیا تھا۔ عدالت نے فیفا کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے ایڈمنسٹریٹر کو عہد چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے فیڈریشن کے 2015 کے انتخابات کو تسلیم کر لیا تھا جس کے نتیجے میں رکنیت کی بحالی کی راہ ہموار ہوئی۔ فیفا نے کہا تھا کہ فیڈریشن کے اراکین اور آفیشلز اب فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے ترقیاتی پروگراموں، کورسز اور ٹریننگ سے استفادہ کر سکیں گے۔