نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ مقرر کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی کو ذکاء اشرف کی جگہ پی سی بی گورننگ بورڈ کے لیے بھی نامزد کر دیا گیا ہے۔
ذکاء اشرف کا استعفیٰ منظور کرکے محسن نقوی کو پی سی بی کے پیٹرن وزیر اعظم پاکستان نے نامزد کیا۔
محسن نقوی اس وقت پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ بھی ہیں جنہیں بورڈ آف گورنرز میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ نگران وزیر اعظم نے محسن نقوی کو پی سی بی کا ممبر بورڈ آف گورنر بھی تعینات کردیا ہے،
وزارت بین الصوبائی رابطہ محسن نقوی کی تقرری کا جلد نوٹیفکیشن جاری کریگی۔محسن نقوی اس وقت پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ بھی ہیں۔
قبل ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کا کڑنے ذکا اشرف کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔یاد رہے کہ ذکاء اشرف پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں عہدے سے مستعفی ہوئے تھے۔انہوں نے بطور چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی اور ممبر بورڈ آف گورنر استعفیٰ دیا۔
ذکا اشرف نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسا عہدہ رکھنے کا کیا فائدہ جس میں اختیارات نہ ہوں۔علاوہ ازیں پی سی بی نے مینجمنٹ کمیٹی کے چوتھے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا،اعلامیہ میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاءاشرف کےمستعفی ہونےکی تصدیق کی گئی ہے۔
واضح رہے ذکا اشرف کو نجم سیٹھی کی جگہ پر چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی تعینات کیا گیا تھا۔ان کی سربراہی میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت 4 فروری کو ختم ہونا تھی۔
ذکا اشرف کو نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے ابتدائی طور پر 4 ماہ کیلئے ذمہ داری سونپی گئی تھی ۔4 ماہ کی مدت مکمل ہونے پر 4 نومبر کو مزید 3 ماہ کی توسیع دی گئی تھی۔وزارت بین الصوبائی رابطہ نے کچھ روز قبل پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کو گورننگ بورڈ تشکیل دینے سے منع کیا تھا،
ان کا استعفیٰ مکی آرتھر، اینڈریو پوٹک اور گرانٹ بریڈ برن کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کے ایک دن بعد آیا۔