مصر کے محمد زکریا سولہویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2024 کے فاتح قرار
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کا پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کراچی میں انعقاد
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے پاکستان کے ناصر اقبال چیمپیئن شپ کے رنر اپ رہے چیمپئن شپ میں 5 ملکی اور 19 غیر ملکی کھلاڑی شریک تھے
چیمپئن شپ میں مصر، ہانگ کانگ، ملایشیاء، جمہوریہ چیک، جاپان، جرمنی، برطانیہ اور نیدرلینڈز کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا نیول چیف نے چیمپئن شپ کے فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے
اختتامی تقریب میں سول و عسکری معززین، اسپانسرز، قومی کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی
تفصیلات کے مطابق چیف آف نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے ناصر اقبال کو 1-3 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ابتدائی سیٹ پاکستانی کھلاڑی کے نام رہا مگر وہ بعد میں اپنی برتری برقرار نہ رکھ سکے۔
مصری حریف نے کم بیک کرتے ہوئے مزید 2 سیٹ جیت لیے اور یوں حتمی مقابلے میں فتح سمیٹی، بعدازاں اختتامی تقریب میں جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ 2000 سے اسکواش کے مقابلے منعقد کرا رہی ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ چیمپئن شپ میں ملکی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں میں اچھے مقابلے ہوئے، چیمپئن شپ میں بڑی تعداد میں غیرملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔ چیمپئن شپ میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے انعقاد سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جاسکتا ہے، کھلاڑی مثبت سوچ کے ساتھ محنت کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کریں۔