چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی شمولیت پر ای سی بی چیف رچرڈ تھومسن کا موقف سامنے آگیا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ رچرڈ تھومسن کا کہنا ہے کہ بھارت کے بغیر چیمپئنز ٹرافی ممکن نہیں، بھارت کے پاکستان نہ آنے پر متبادل وینیو موجود ہیں مگر بھارت کے بغیر ایونٹ ممکن نہیں۔
رچرڈ تھومسن نے کہا کہ براڈکاسٹ حقوق کو محفوظ رکھنا ضروری ہے، تاحال ایونٹ میں چند ماہ باقی ہیں، امید ہے پاکستان اور بھارت اس کا کوئی حل نکال لیں گے۔
ایونٹ کے مجوزہ شیڈول کے مطابق بھارت کے تمام میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
قبل ازیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہی ہوگی اور آئی سی سی کا اس ٹورنامنٹ کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ ابھی تک تو چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہورہی ہے،
آئی سی سی کا اگلے سال پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کو وہاں سے منتقل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کیوں کہ اب تک کسی بھی ٹیم کی جانب سے یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلنے سے متعلق کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا۔