پیرس(سپورٹس لنک رپورٹ)انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ٹینس کی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں شہرہ آفاق ہسپانوی سٹار رافیل نڈال مینز سنگلز میں ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہیں، سوئس سٹار راجر فیڈرر دوسرے، کروشیا کے مارین کلک تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جان اسنر 8 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، ہیون چنگ نے بھی ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹونٹی میں جگہ بنا لی، ویمنز سنگلز میں سیمونا ہالپ بدستور سرفہرست ہیں۔ سیلونی سٹیفنز نے تین درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹین میں جگہ بنا لی۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے تازہ ترین اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے سنگلز رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت مینز سنگلز رینکنگ میں ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے، سوئٹزرلینڈ کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار راجر فیڈرر دوسرے نمبر پر ہی موجود ہیں، کروشیا کے مارین کلک تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جرمنی کے الیگزینڈر زیوریف ایک درجہ بہتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئے، انہوں نے دمتروف کو پانچویں پوزیشن پر دھکیل دیا، ارجنٹائن کے ڈیل پوٹرو چھٹے، آسٹریا کے ڈومنک تھائم ساتویں اور جنوبی افریکن کیون اینڈرسن آٹھویں نمبر پر برقرار ہیں، امریکہ کے جان اسنر نویں نمبر پر ہیں ، فرانس کے لیوکاس پائولی تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، پبلو کارینو بسٹا 7 سیڑھیاں چڑھ کر 12ویں نمبر پر آ گئے، ہیون چنگ بھی 4 درجے چھلانگ لگا کر 19ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، برڈچ کی پانچ درجے تنزلی ہوئی ہے، ان کا 18واں نمبر ہے، دوسری جانب ویمنز سنگلز میں سیمونا ہالپ بدستور سرفہرست ہیں، ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی دوسرے، سپین کی مگوروزا تیسرے، یوکرائن کی سویتولینا چوتھے اور لٹویا کی اوسٹاپینکو پانچویں نمبر پر برقرار ہیں، امریکہ کی سیلونی سٹیفنز تین درجے بہتری کے ساتھ نویں نمبر پر آ گئیں۔جاپان کی نائومی اوساکا اور برطانیہ کی جوہانا کونتا بالترتیب ایک اور 8 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹونٹی سے باہر ہو گئیں۔