پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کا سب سے مہنگا کھلاڑی کون؟
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن میں آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر سب سے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔
لاہور میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ میں کراچی کنگز نے ڈیوڈ وارنر کو 3 لاکھ ڈالر (تقریباً 8 کروڑ 36 لاکھ روپے) کے معاہدے کے تحت اپنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
اس حیران کن معاہدے نے وارنر کو پی ایس ایل کے اس سیزن کا سب سے مہنگا کھلاڑی بنا دیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر اپنی جارحانہ بیٹنگ اور کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں بہترین کارکردگی کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ وہ دنیا کے ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل ہیں اور ان کی شمولیت سے کراچی کنگز کے مداحوں کی امیدیں مزید بڑھ گئی ہیں۔
کراچی کنگز نے نہ صرف ڈیوڈ وارنر بلکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو بھی اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے، جس سے ان کی ٹیم کی بیٹنگ لائن مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
پی ایس ایل 10 کی ڈرافٹ تقریب میں دیگر ٹیموں نے بھی کئی بڑے ناموں کو اپنی ٹیموں میں شامل کیا، لیکن ڈیوڈ وارنر کی خریداری نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔