
سندھ حکومت کے زیراہتمام کراچی میں ساحل سمندر پر منی میراتھن کا انعقاد
کراچی10 اگست۔ سندھ حکومت کے محکمہ کھیل سندھ کے زیراہتمام منی مراتھن کا انعقاد ہوا، نشان پاکستان ساحل سمندر پر اختتام پذیر ہونے والی منی مراتھن میں پہلی سے تیسری پوزیشن آنے والے ایتھلیٹس کو 25، 20 اور 15 ہزار انعام دیا گیا
جبکہ چوتھی سے 10 ویں پوزیشن کے حامل مرد و خواتین کو بھی نقد انعامات سے نوازا گیا، خواتین کی میراتھن میں ماہ نور فاطمہ نے 25 منٹ 9 سیکنڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، دوسری پوزیشن قندیل سلطان نے پائی،
ان کا وقت 26 منٹ 23 سیکنڈ رہا،کائنات خلیل نے 28 منٹ 23 سیکنڈ میں ریس مکمل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی،مردوں کی 10 کلو میٹر کی منی مراتھن محمد سجاد نے 38 منٹ 55 سیکنڈ میں جیت لی.
ڈسٹرکٹ اسپورٹس فرید علی کے مطابق ساجد علی نے 39 منٹ 5 سیکنڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی،رضا محمد نے 41 منٹ 25 سیکنڈ میں تیسری پوزیشن اپنے نام کی.
اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر،ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرید علی، پریذیڈنٹ سندھ بینک محمد انوار شیخ، ڈپٹی سی ای او اسد شاہ، احمد علی راجپوت نے میراتھن ریس جیتنے والے گرلز و بوائز میں انعامات تقسیم کئے.
تقریب میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسران اسماعیل شاہ، شکیل احمد، سنی پرویز اور محمد عثمان بھی شریک تھے. سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے میراتھن کی سیکیورٹی فراہم کرنے پر رینجرز، ڈی ایچ اے، ٹریفک پولیس، سندھ پولیس اور ریسکیو 1122 کا شکریہ ادا کیا.
ترجمان کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کے عنوان سے منعقد منی میراتھن ریس میں 2 ھزار سے زائد گرلز و بوائز نے حصہ لیا، اور 35 سو افراد میں شرٹس تقسیم کی گئیں، جبکہ بڑی تعداد میں شہری میراتھن ریس دیکھنے کے لئے موجود تھے.



