
ثانیہ اشفاق کی عماد وسیم اوران کی مبینہ گرل فرینڈ کو قانونی کارروائی کی وارننگ
ویب ڈیسک: سوشل میڈیا شخصیت ثانیہ اشفاق نے اپنے سابق شوہر اور قومی کرکٹر عماد وسیم اور ان کی مبینہ گرل فرینڈ نائلہ راجہ کو سخت قانونی وارننگ جاری کر دی ہے۔
طلاق کے اعلان کے بعد جاری کیے گئے ایک پیغام میں ثانیہ اشفاق نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کا گھر اس وقت تباہ ہوا جب عماد وسیم اور ان کی ازدواجی زندگی میں ایک تیسری شخصیت داخل ہوئی۔
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے نائلہ راجہ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ متعدد افراد نے ان سے الزامات کی تردید یا ثبوت پیش کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
ان تبصروں کے جواب میں نائلہ راجہ نے سوشل میڈیا پر ایک طویل پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے ثانیہ اشفاق کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے پاس واقعی شواہد موجود ہیں تو انہیں متعلقہ قانونی اداروں میں پیش کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بدنامی صرف جھوٹے اور نقصان پہنچانے والے الزامات پر لاگو ہوتی ہے، جبکہ حقیقی ثبوت پیش کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ نائلہ راجہ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر الزام تراشی کے بجائے قانونی راستہ اختیار کریں۔
بعد ازاں ثانیہ اشفاق نے بھی سوشل میڈیا پر ایک وضاحتی پوسٹ میں کہا کہ تمام شواہد عدالتوں اور مجاز اداروں میں پیش کیے جائیں گے، نہ کہ سوشل میڈیا پر تشہیر کے طور پر۔
ان کا کہنا تھا کہ انصاف وائرل ہونے سے نہیں بلکہ مناسب قانونی عمل سے ملتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی کسی متاثرہ فریق کو بدنام یا اکسانے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد اس معاملے میں ثانیہ اشفاق کے حق میں سامنے آ رہی ہے اور ان کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بعض صارفین نے رائے دی ہے کہ شادی شدہ افراد کی نجی زندگی میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف سخت قوانین ہونے چاہئیں۔
ثانیہ اشفاق نے واضح کر دیا ہے کہ یہ معاملہ اب عدالتی کارروائی کی طرف جا رہا ہے اور وہ سوشل میڈیا کے بجائے مکمل طور پر قانونی راستہ اختیار کریں گی۔



