
شوال کی نصف سنچری رائیگاں، سری لنکا نے پہلے ٹی20 میں پاکستان ویمنز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا
کولمبو (پی پی اے) سری لنکا ویمنز نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان ویمنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی
رنگیری دمبولا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی شوال ذوالفقار کی پہلی ٹی20 انٹرنیشنل نصف سنچری اور ٹیم کا ریکارڈ مجموعہ بھی کامیابی نہ دلا سکا
جبکہ سری لنکا کی امیشا دلانی نے ناقابل شکست شاندار سنچری اسکور کر کے میزبان ٹیم کو فتح دلائی پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے
جو سری لنکا کی سرزمین پر ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور ہے اوپنر شوال ذوالفقار نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا
انہوں نے منیبہ علی کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز جوڑے۔ منیبہ علی نے 24 گیندوں پر 42 رنز بنائے جن میں 9 چوکے شامل تھے تاہم وہ رن آؤٹ ہو گئیں
ٹی20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والی ایمان ناصر نے 21 رنز بنا کر شوال کے ساتھ 61 رنز کی اہم شراکت قائم کی جبکہ سائرہ جبین نے اختتامی اوورز میں 8 گیندوں پر 12 رنز کی مفید اننگز کھیلی 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے جارحانہ آغاز کیا۔
پاکستان کو پہلی کامیابی نشرا سندھو نے دلائی، جنہوں نے 22 گیندوں پر 39 رنز بنانے والی چماری اتھاپتھو کو آؤٹ کیا ام حانی نے فیلڈنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک شاندار کیچ پکڑا ایک وکٹ حاصل کی اور ایک اور کیچ میں بھی اہم کردار ادا کیا
نشرا سندھو نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ حمنا بلال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،
تاہم امیشا دلانی نے 64 گیندوں پر 17 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابلِ شکست 101 رنز کی یادگار اننگز کھیل کر اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری مکمل کی اور سری لنکا کو 19 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔
میچ میں پاکستان کی جانب سے ایمان ناصر اور بائیں ہاتھ کی اسپنر مومنہ ریاست نے ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا جبکہ شوال ذوالفقار نے ستمبر 2025 کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کو شاندار نصف سنچری سے یادگار بنایا اگرچہ ان کی اننگز ٹیم کو فتح نہ دلا سکی
سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ 2 اگست کو اسی مقام رنگیری دمبولا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا



