ہاکی

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو لیگ کے لیے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا

اولمپین اصلاح الدین اور حسن سردار کی نگرانی میں اسکواڈ فائنل

پی ایچ ایف نے بیلجیم اور انگلینڈ کے خلاف پرو لیگ کے لیے 20 رکنی قومی ہاکی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔

ٹیم کا انتخاب مکمل میرٹ پر کیا گیا،

وزیراعظم کی ہدایت پر کھلاڑیوں کو روزانہ 110 ڈالر الائونس پیشگی ملے گا،

اولمپین اصلاح الدین اور حسن سردار کی نگرانی میں اسکواڈ فائنل

اسلام آباد – پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بیلجیم اور انگلینڈ میں شیڈول آئندہ ایف آئی ایچ پرو لیگ میچز کے لیے 20 رکنی فائنل پاکستان سینئر مینز ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی اسکواڈ کا اعلان نیشنل سلیکشن کمیٹی کی سفارشات پر پی ایچ ایف صدر کی منظوری کے بعد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سلیکشن کا عمل 19 اور 20 مئی کو منعقد ہونے والے ٹرائلز کے بعد مکمل طور پر شفاف انداز میں انجام دیا گیا، جہاں ابتدائی طور پر 21 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا

جس کے بعد خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر اسکواڈ کو 20 کھلاڑیوں تک محدود کیا گیا۔ متبادل (ریزرو) کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان سلیکشن کمیٹی کی جانب سے الگ سے کیا جائے گا۔

اعلان کردہ 20 رکنی اسکواڈ میں دو گول کیپرز وقار اور علی رضا شامل ہیں جبکہ ڈیفنڈرز میں ابو بکر، ارباز احمد، محمد عبداللہ اور سفیان خان کو شامل کیا گیا ہے۔ مڈفیلڈرز میں ندیم خان، عماد شکیل بٹ، معین شکیل، حماد انجم اور زکریا حیات شامل ہیں۔ اسٹرائیکرز الیون میں غضنفر علی، محمد عماد، رانا ولید، عبدالرحمٰن، افراز خان، رانا وحید، احمد ندیم، ارشد لیاقت اور حنان شاہد پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر قومی ٹیم کو پرو لیگ کے لیے بہترین انتظامی، مالی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ کھلاڑیوں کا روزانہ کا وظیفہ (ڈیلی الائونس) بڑھا کر 110 امریکی ڈالر فی کھلاڑی کر دیا گیا ہے،

جس کی پیشگی ادائیگی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ دورے کے دوران ٹیم کے لیے بہترین رہائش اور لاجسٹک انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ انگلینڈ اور بیلجیم میں متعین پاکستانی سفارت خانوں کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ میچز کے دوران کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کریں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ کے دوران سخت محنت کی ہے اور روانگی تک ان کی مشقیں جاری رہیں گی۔

انگلینڈ اور بیلجیم میں ایف آئی ایچ پرو لیگ میچز میں شرکت سے قومی کھلاڑیوں کو بہترین بین الاقوامی ایکسپوژر اور تجربہ حاصل ہوگا، جو کہ آئندہ ہاکی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں انتہائی اہم ثابت ہوگا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!