کرکٹ

ڈارون ٹیسٹ،حسن محمود کی تباہ کن بولنگ، آسٹریلیا 198 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی

ڈارون ٹیسٹ،حسن محمود کی تباہ کن بولنگ، آسٹریلیا 198 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی

ڈارون میں آسٹریلیا نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن میدان میں حسن محمود نے ایسا طوفان برپا کیا کہ کینگروز کی پوری ٹیم 200 رنز بھی مکمل نہ کر سکی، بنگلادیشی فاسٹ بولر نے 6 شکار کرکے آسٹریلیا کو 198 رنز پر پویلین پہنچا دیا۔

ڈارون میں بنگلادیش اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بنگلادیشی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ حسن محمود کی تباہ کن بولنگ کے سامنے آسٹریلوی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 198 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ابتدائی 45 رنز کی شراکت کے بعد آسٹریلوی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔74 کے مجموعی اسکور تک آسٹریلیا کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں۔

جیک ویدرالڈ 23، ٹریوس ہیڈ 22، کیمرون گرین 13 اور مارنس لبوشین صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور ایلکس کیری نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 55 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی،

تاہم 129 کے مجموعی اسکور پر ایلکس کیری 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ایک اینڈ سے اسٹیو اسمتھ نے مزاحمت جاری رکھی، لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور آسٹریلیا کی پوری ٹیم 198 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

اسٹیو اسمتھ 71 رنز کے ساتھ آسٹریلیا کے ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ بیو ویبسٹر 12، کپتان پیٹ کمنز 9، نیتھن لیون 7 اور مچل اسٹارک صرف ایک رن بنا سکے۔

بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 55 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسکین احمد اور عبادت حسین نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

حسن محمود کی 6 وکٹوں کی کارکردگی ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی بنگلادیشی فاسٹ بولر کی جانب سے تیسری بہترین بولنگ پرفارمنس بھی ہے۔

پہلے روز کے اختتام پر بنگلادیش نے ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنا لیے ہیں اور اسے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے اسکور 198 رنز کے مقابلے میں مزید 102 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!