
آسٹریلیا، بنگلادیش ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی، آسٹریلیا نے پلیئنگ الیون کا بھی اعلان کردیا
آسٹریلیا اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز 2026 کی ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کر دی گئی ہے، جس کے ساتھ دونوں ٹیموں کے درمیان ڈاؤن انڈر میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کا جوش عروج پر پہنچ گیا ہے۔
ٹرافی کی تقریب کے بعد آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا بھی اعلان کر دیا ہے۔آسٹریلیا اور بنگلادیش کے درمیان شیڈول ٹیسٹ سیریز 2026 کی ٹرافی کی باقاعدہ نقاب کشائی کردی گئی۔
ٹرافی کی رونمائی کے بعد دونوں ٹیمیں ڈارون میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے تیار ہیں۔پہلے ٹیسٹ سے ایک روز قبل آسٹریلیا نے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کرتے ہوئے تجربہ کار فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کو اسکاٹ بولینڈ پر ترجیح دی ہے۔
کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ آسٹریلیا کا پہلی ترجیح والا بولنگ اٹیک ایک سال سے زائد عرصے بعد دوبارہ ایک ساتھ میدان میں اتر رہا ہے۔ ان کے مطابق جوش ہیزل ووڈ گزشتہ سال اکتوبر کے بعد پہلی مرتبہ بین الاقوامی کرکٹ کھیلیں گے،
جبکہ نیتھن لیون بھی مکمل فٹنس کے ساتھ ٹیم میں واپس آئے ہیں۔بیٹنگ لائن اپ میں کیمرون گرین اور بیو ویبسٹر مڈل آرڈر کا حصہ ہوں گے، جبکہ ایلکس کیری چھٹے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔ اننگز کا آغاز جیک ویدرالڈ اور ٹریوس ہیڈ کریں گے۔
بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں پیٹ کمنز کپتان، جیک ویدرالڈ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لبوشین، اسٹیون اسمتھ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، بیو ویبسٹر، مچل اسٹارک، ناتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔
دوسری جانب بنگلادیش نے ابھی تک پہلے ٹیسٹ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان نہیں کیا، تاہم کپتان نجم الحسن شانتو نے وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس کی فٹنس کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں میچ کے لیے دستیاب قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ مقابلہ ڈارون میں 22 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی بھی ثابت ہوگا، جس کے باعث اس میچ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔



