دیگر سپورٹسویٹ لفٹنگ

پاکستان میں ویٹ لفٹنگ کی بحالی کے لیے اہم مشن کا آغاز

ارشد خان ترک کو ذمہ داری سونپ دی گئی، ڈی جی اسپورٹس بورڈ یاور حسین سے ملاقات؛ تاشقند میں عالمی و ایشیائی فیڈریشن حکام سے اہم رابطے

پاکستان میں ویٹ لفٹنگ کی بحالی کے لیے اہم مشن کا آغاز

ارشد خان ترک کو ذمہ داری سونپ دی گئی، ڈی جی اسپورٹس بورڈ یاور حسین سے ملاقات؛

تاشقند میں عالمی و ایشیائی فیڈریشن حکام سے اہم رابطے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): پاکستان میں ویٹ لفٹنگ کے کھیل کو درپیش مشکلات اور زوال سے نکالنے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ماسٹرز ویٹ لفٹنگ فیڈریشن پاکستان کے صدر ارشد خان ترک کو کھیل کی بحالی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے روابط مزید مضبوط بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

اس سلسلے میں اسلام آباد میں ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاور حسین سے ارشد خان ترک نے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ویٹ لفٹنگ کو درپیش مسائل،

کھیل کی ترقی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ویٹ لفٹنگ کے معاملات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

کمیٹی کو بین الاقوامی ویٹ لفٹنگ اداروں کے ساتھ رابطے بہتر بنانے، باہمی تعاون کو فروغ دینے اور پاکستان میں ویٹ لفٹنگ کے کھیل کو دوبارہ فعال بنانے کے حوالے سے اقدامات کی ذمہ داری دی جائے گی۔

اسی سلسلے میں ارشد خان ترک کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے ازبکستان کے شہر تاشقند کا دورہ بھی کیا، جہاں انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے صدر محمد جلود، ایشین ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے صدر یوسف المنا اور سیکریٹری سیف ہاربی سے اہم ملاقاتیں کی گئیں۔

ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں ویٹ لفٹنگ کو درپیش چیلنجز، فیڈریشن کی تنظیم نو، بین الاقوامی روابط کے فروغ اور کھیل کی ترقی کے لیے مختلف اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر عالمی اور ایشیائی ویٹ لفٹنگ حکام نے پاکستان میں ویٹ لفٹنگ کی بحالی کے لیے ارشد خان ترک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ایشین ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے حکام نے آئندہ اکتوبر میں پاکستان میں ہونے والی ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لیے مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔

کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر جاری کوششوں کے نتیجے میں پاکستان میں ویٹ لفٹنگ کا کھیل دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا اور عالمی سطح پر پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!