
آئی سی سی کا یو اے ای کے بیٹر آصف خان پر 15 ماہ کی پابندی کا اعلان
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق آصف خان کا 8 ستمبر 2025 کو ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا، جس میں ممنوعہ مواد کی موجودگی سامنے آئی۔36 سالہ آصف خان نے آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے آرٹیکل 2.1 کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے 15 ماہ کی پابندی قبول کرلی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق پابندی کا اطلاق 8 ستمبر 2025 سے ہوگا اور آصف خان 7 دسمبر 2026 تک کرکٹ کی سرگرمیوں سے باہر رہیں گے۔
اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت 8 ستمبر سے 29 دسمبر 2025 تک آصف خان کے تمام انفرادی نتائج بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں، جس کے باعث اس عرصے کے دوران حاصل کیے گئے
تمغے، پوائنٹس، انعامی رقم اور دیگر اعزازات بھی واپس لیے جائیں گے۔آصف خان نے 2022 میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔
وہ اب تک یو اے ای کی نمائندگی کرتے ہوئے 38 ون ڈے اور 56 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔آئی سی سی کی پابندی کے باعث آصف خان دسمبر 2026 تک بین الاقوامی کرکٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔



