
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کنگ چارلس سے ملاقات،
بابراعظم نے آٹو گراف والا خصوصی بیٹ تحفے میں پیش کیا
پاکستانی کرکٹ ٹیم میدان کے بجائے اس بار برطانوی شاہی محل میں نظر آئی، جہاں کنگ چارلس نے قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور بابر اعظم نے پوری ٹیم کے دستخط والا خصوصی بیٹ بادشاہ کو پیش کردیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کے دوران ایک یادگار اور منفرد ملاقات ہوئی ہے، قومی ٹیم، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ٹیم آفیشلز نے کنگ چارلس سے لندن کے تاریخی کلیئرنس ہاؤس میں ملاقات کی۔
اس موقع پر کرکٹ سے لے کر پاکستان میں امن و امان اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں تک مختلف امور پر گفتگو ہوئی، جبکہ بابر اعظم نے پاکستانی ٹیم کی جانب سے کنگ چارلس کو کھلاڑیوں کے آٹو گراف والا خصوصی بیٹ بطور یادگار پیش کیا ۔
یہ ملاقات برطانوی شاہی خاندان کی تاریخی رہائش گاہ کلیرنس ہاؤس میں ہوئی، جہاں بادشاہ چارلس نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا استقبال کیا اور ان سے مصافحہ کیا۔
ملاقات کے دوران بادشاہ چارلس نے پاکستانی کھلاڑیوں سے کرکٹ کے حوالے سے خوشگوار گفتگو کی اور کھیل سے متعلق گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے بھی بادشاہ چارلس سے ملاقات کو یادگار قرار دیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے گفتگو کے دوران بادشاہ چارلس نے کرکٹ کے علاوہ پاکستان میں انسدادِ دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں پاکستان میں امن کے قیام اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے بھی بادشاہ چارلس کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار اور محسن نقوی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
ملاقات کا سب سے دلچسپ لمحہ اس وقت سامنے آیا جب پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جانب سے بادشاہ چارلس کو کھلاڑیوں کے دستخط سے مزین ایک خصوصی بیٹ تحفے میں پیش کیا گیا۔
پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بادشاہ چارلس کو یہ بیٹ بطور یادگار پیش کیا، جسے انہوں نے خوش دلی سے وصول کیا۔اس دوران بادشاہ چارلس نے دلچسپی سے دریافت کیا کہ آیا یہ بیٹ پاکستانی لکڑی سے تیار کیا گیا ہے،
جس پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ یہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جانب سے خصوصی تحفہ ہے۔ملاقات کے بعد محسن نقوی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بادشاہ چارلس سے ملاقات انتہائی خوشگوار اور مفید رہی۔
کنگ چارلس نے پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔
یوں دورۂ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کو جہاں کرکٹ کے میدان میں سخت چیلنجز کا سامنا ہے، وہیں کنگ چارلس سے یہ شاہی ملاقات قومی ٹیم کے لیے ایک یادگار اور سفارتی رنگ لیے اہم موقع بن گئی۔



