

پاکستان رسا کشی ٹیم کی توران کپ باکو، آذربائیجان میں شاندار کامیابی –
سلور اور برونز میڈل اپنے نام کر لیے
باکو، آذربائیجان – پاکستان رسا کشی ٹیم نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقد ہونے والے توران کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور اور برونز میڈل اپنے نام کر لیے۔
پاکستان کی ٹیم نے مقابلوں میں دو کیٹگریز – سینئر اور جونیئر – میں شرکت کی۔ سینئر کیٹگری میں شاندار ٹیم ورک اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان نے سلور میڈل حاصل کیا، جبکہ جونیئر کیٹگری میں بھی نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے برونز میڈل جیتا۔
اس موقع پر بورڈ آف ڈائریکٹر ٹریڈیشنل اسپورٹس اینڈ گیمز پاکستان ایسوسی ایشن اور سیکریٹری جنرل پاکستان ٹگ آف وار فیڈریشن، محمد جمیل احمد رانا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
“ہم نے بچوں کو بھرپور تربیت دی تھی اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں میڈلز سے نوازا۔ ہماری یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔”
توران کپ میں سینئر اور جونیئر کیٹگریز میں کل 12 ممالک نے حصہ لیا جن میں شامل تھے:
آذربائیجان، پاکستان، ترکیہ، افریقہ، انڈیا، جارجیا، ایران، سائپرس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ترکمانستان۔
پاکستانی ٹیم کی یہ کامیابی نہ صرف ملک کے لیے اعزاز ہے بلکہ یہ پاکستان میں رسا کشی اور روایتی کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے



