نیشنل گیمز میں سندھ نے پہلا گولڈ میڈل حاصل کر لیا،نیٹ بال فائنل میں واپڈا کو شکست دی

نیشنل گیمز میں سندھ نے پہلا گولڈ میڈل حاصل کر لیا،نیٹ بال فائنل میں واپڈا کو شکست دی
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان آرمی نے نیشنل گیمز نیٹ بال ایونٹ مینزمیں گولڈ میڈل حاصل کر لیا جبکہ خواتین میں سندھ نے گولڈ میڈل حاصل کرلیا،
سندھ کا نیشنل گیمز میں یہ پہلا گولڈ میڈل بھی ہے۔ پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر کھیلے جانے والے ویمن ٹورنامنٹ کے فائنل میں سندھ نے واپڈا کو ہرا دیا،
واپڈا کوسلور میڈل پر قناعت کرنا پڑی،سنسنی خیز دلچسپ فائنل میں سندھ نے واپڈا کی مضبوط حریف ٹیم کے خلاف12کے مقابلے میں 20پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی،سیمی فائنل میں سندھ نے آرمی کی ٹیم کو شکست دی تھی،
تقریب تقسیم انعامات میں سندھ حکومت کے سیکرٹری کھیل نے انعامات تقسیم کیے اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 18 سال بعد سندھ کی میزبانی میں ہونے والے نیشنل گیمز میں میزبان ٹیم کا پہلا طلائی تمغہ جیتنا خوش آئند ہے،
سندھ ڈے کے موقع پر فاتح ٹیم نے صوبے کو ایک اچھا تحفہ پیش کیا،امید ہے کہ سندھ بہترین میزبانی کے ساتھ ساتھ تمغوں کی دوڑ میں بھی کامیاب رہے گا۔
اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین کیپٹن ظفر اقبال اعوان (ریٹائرڈ) سیکرٹری جنرل محمد ریاض، جنرل منیجر، سپورٹس واپڈا اینڈ صدر، واپڈا سپورٹس بورڈ، امداد اللّٰہ میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر فٹنس اینڈ اسپورٹس ڈائریکٹریٹ،
جی ایچ کیو، کرنل نیبل احمد رانا اور پاکستان ا سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر ایڈمن احتشام الحق، ڈائریکٹر اسد اسحاق، ڈی ایس او اسماعیل شاہ اور ڈی ایس او ضلع ساؤتھ بھی موجود تھے۔
دوسری جانب مینز کے فائنل میں پاکستان آرمی نے نیوی کوسخت مقابلے کے بعد29-26سے مات دی اور گولڈ میڈ حاصل کیا۔پاکستان آرمی نے ویمنز میں اور واپڈا نے مینزمیں برانز میڈل حاصل کیا۔



