نیشنل گیمز:پنچک سلاک کے نمائشی ایونٹ کا انعقاد،انڈونیشی قونصل جنرل ک شرکت

نیشنل گیمز:پنچک سلاک کے نمائشی ایونٹ کا انعقاد،انڈونیشی قونصل جنرل ک شرکت
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) انڈونیشین قونصل جنرل مدذکر ایم اے نے کہا ہے کہ پنچک سِلاک صرف ایک مارشل آرٹ نہیں بلکہ دوستی، باہمی احترام اور ثقافتی ہم آہنگی کا پیغام دینے والی روایت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس کھیل کی بڑھتی ہوئی دلچسپی دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی۔ قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کھیلوں کے ذریعے اپنے نوجوانوں کو قریب لا رہے ہیں،
اور پنچک سِلاک مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی سفیر کا کردار ادا کرے گا۔ پاکستان میں نیشنل گیمز کے سلسلے میں پنچک سِلاک کا تاریخی نمائشی ایونٹ کراچی میں کامیابی سے منعقد ہوا،
جس نے دونوں ممالک کے اسپورٹس تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز کردیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل مدذکر ایم اے کا پرتپاک استقبال پاکستان پنچک سِلاک فیڈریشن کے ڈائرکٹرآپریشن رانا علی رضا اور سندھ پنچک سِلاک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ایم ناصر جونیجو نے کیا۔
تقریب میں قونصل جنرل کو سندھ کی روایتی اجرک اور یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ ایونٹ میں کھلاڑیوں نے شاندار تکنیکی اور ثقافتی مظاہرے پیش کیے جنہیں شائقین نے بیحد سراہا۔
فیڈریشن کے مطابق اس ایونٹ کا مقصد پاکستان میں پنچک سِلاک کی بنیاد مضبوط کرنا اور مستقبل میں اسے نیشنل گیمز میں باضابطہ میڈل ایونٹ کے طور پر شامل کرانا ہے۔



