فٹ بال

فیفا ورلڈ کپ: ایمباپے نے کئی تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیے.

فیفا ورلڈ کپ: ایمباپے نے کئی تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیے

فرانس کے سپر اسٹار فٹبالر کائلیان ایمباپے نے فیفا ورلڈکپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے متعدد تاریخی اعزازات اپنے نام کر لیے۔

سوئیڈن کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں اپنی ٹیم کی 0-3 سے کامیابی میں 2 گول کرکے انہوں نے نہ صرف فرانس کو اگلے مرحلے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ عالمی کپ کی تاریخ میں کئی بڑے ریکارڈز بھی اپنے نام درج کرا دیے۔

27 سالہ ایمباپے نے اس میچ میں کیے گئے 2 گولز کے بعد ورلڈ کپ میں اپنے مجموعی گولز کی تعداد 18 تک پہنچا دی، جس کے ساتھ ہی وہ عالمی کپ کی تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین گول اسکورر بن گئے۔

اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے جرمنی کے عظیم فارورڈ میروسلاو کلوزے کو پیچھے چھوڑ دیا، جبکہ مجموعی فہرست میں اب ان سے آگے صرف لیونل میسی ہیں، جن کے نام 19 گولز درج ہیں۔

اس شاندار کارکردگی کے بعد ایمباپے نے یورپ کی جانب سے فیفا ورلڈکپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔ ان کی مسلسل بہترین فارم نے انہیں موجودہ دور کے عظیم ترین کھلاڑیوں کی صف میں مزید مضبوط مقام دلا دیا ہے۔

گولز کے ساتھ ساتھ اگر اسسٹس کو بھی شامل کیا جائے تو ایمباپے کی ورلڈ کپ میں مجموعی شراکت 22 تک پہنچ چکی ہے۔ اس اعداد و شمار کے ساتھ انہوں نے برازیل کے لیجنڈری فٹبالر پیلے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جبکہ اس فہرست میں لیونل میسی 27 مجموعی شراکت کے ساتھ بدستور سرفہرست ہیں۔

ایمباپے نے سوئیڈن کے خلاف میچ میں ناک آؤٹ مرحلے کا اپنا 10 واں ورلڈ کپ گول بھی اسکور کیا،

جس کے ذریعے انہوں نے برازیل کے رونالڈو نازاریو کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا۔ اب وہ فیفا ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں۔

موجودہ عالمی کپ میں ایمباپے اب تک 6 گولز کرنے کے ساتھ 2 گولز میں معاونت بھی کر چکے ہیں، جس کی بدولت وہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں سب سے آگے دکھائی دے رہے ہیں۔

دوسری جانب عثمان ڈیمبیلے کے ساتھ ان کی غیرمعمولی ہم آہنگی بھی ٹورنامنٹ کی کامیاب ترین شراکت داریوں میں شمار کی جا رہی ہے، جو فرانس کی فتوحات میں مسلسل اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!