ایشیا کپ سپر فورمرحلہ،شعیب ملک کا تجربہ کام آگیا،پاکستان ہاری بازی جیت گیا


دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے ایک دلچسپ اورسنسنی خیزمقابلے کے بعد افغانستان کی ٹیم کو3وکٹوں سےشکست دیدی، پاکستان کی جیت میں اہم کردار سینئر وتجربہ آل رائونڈر شعیب ملک نے ادا کیا جنہوں نے سخت دبائو میں51رنز کی ننگز کھیلی،پاکستان کی جانب سے دوسرے نمایاں بیٹسمینوں میں امام الحق نے 80،بابر اعظم نے 66رنزکی اننگزکھیلی،افغانستان کیجانب سے راشد خان نے تین، مجیب نے دو جبکہ گلبدین نے ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مڈل آرڈر بلے باز حشمت اللہ شاہدی کے 97 رنز کی بدولت اپنی اننگز میں 257 رنز بنائے۔پاکستان کے ابتدائی گیند بازوں کی نپی تلی بولنگ کے باعث افغانستان کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو سست آغاز فراہم کیا اور 31 رنز پر اس کی دو وکٹیں گرگئیں۔اس موقع پر حشمت اللہ شاہدی اور رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 63 رنز کی شراکت فراہم کی۔ رحمت شاہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔بعدازاں اصغر افغان اور حشمت اللہ شاہدی کے درمیان شاندار 94 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کی بدولت افغانستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔اصغر 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم حشمت اللہ کی جانب سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔ دیگر افغان بلے بازوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کے ساتھ مل کر پاکستانی بولرز کے خلاف گراؤنڈ کے چاروں طرف شاٹس لگائے۔حشمت اللہ نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستانی فیلڈرز نے بھی افغانستان ٹیم کی بھرپور مدد کرتے ہوئے چار آسان کیچ ڈراپ کردیے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین، شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

error: Content is protected !!