برمنگھم ٹیسٹ،،انگلینڈ کی ٹیم 285پر 9 وکٹیں گنوا بیٹھی

برمنگھم(سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا آغاز برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ہوگیا، میزبان ٹیم اپنی تاریخ کا 1000 واں ٹیسٹ میچ یاد گار بنانے کے لیے پراُمید ہے۔بدھ کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کا ٹاس انگلینڈ نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اتنا سود مند ثابت نہیں ہوا اور 2 سو 85 رنز پر اُس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔انگلینڈ کی پہلی وکٹ محض 26 رنز پر گرگئی، جب تجربہ کار اوپننگ بلے باز ایلسٹر کک 13 رنز پر بھارتی اسپن باؤلر ایشوین کے ہاتھوں بولڈ ہوئے، ان کے بعد کپتان جوروٹ وکٹ پر آئے اور انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔تاہم اوپنر جیننگز ان کا زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکے اور محمد شامی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اس وقت انگلش ٹیم کا مجموعی اسکور 98 تھا۔چوتھے نمبر پر ڈی جے میلان اپنے کپتان کا ساتھ دینے آئے مگر وہ اپنی ٹیم کے اسکور میں محض 8 رنز کا ہی اضافہ کرسکے اور محمد شامی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔انگلینڈ کی تیسری وکٹ ایک سو 12 رنز پر گری، پانچویں نمبر پر بلے بازی کے لیے جے ایم بیرسٹو آئے اور خوب کھیلے، انہوں نے کپتان جوروٹ کے ساتھ 104 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔تاہم بدقسمتی سے انگلش کپتان جوروٹ اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 80 رنز پر ایک غلط رن لینے کی کوشش میں ویرات کوہلی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے، اس وقت انگلش ٹیم کا مجموعی اسکور 2 سو 16 تھا۔کپتان کے بعد چھٹے نمبر پر بلے بازی کے لیے بین اسٹوکس آئے، اس دوران بھارتی باؤلر یادیو نے بیرسٹو کو 70 کے انفرادی اسکور پر کلین بولڈ کردیا، اس وقت انگلش ٹیم کا مجموعی اسکور 2 سو 23 تھا۔کپتان جوروٹ اور جونی بیرسٹو کے بعد کوئی بھی انگلش بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھاسکا، جوس بٹلر صفر، عادل رشید 13 اور اسٹیورٹ براڈ صرف ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔پہلے دن کے اختتام پر انگلش ٹیم کا اسکور 2 سو 85 تھا اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے، سیم کرین 24 رنز اور جیمز اینڈرسن بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود تھے۔بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 25 اوورز میں محض 60 رنز دے کر 4 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ محمد شامی کے حصے میں 2 جبکہ امیش یادیو اور ایشانت شرما کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی، ہردیک پانڈیا 10 اوورز میں کوئی کھلاڑی آؤٹ نہ کرسکے۔

error: Content is protected !!