دو میچوں میں اعداد وشمارکی ایسی مماثلت ،یہ خبر آپ کو حیران و پریشان کردیگی

شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ کے کھیل میں جہاں آئے روز نت نئے ریکارڈز بنتے اور ٹوٹتے رہے ہیں وہیں منفرد اور دلچسپ اعداد و شمار بھی کرکٹ کے چاہنے والوں کو حیرت زدہ کردیتے ہیں۔

ایسے ہی کچھ دلچسپ اعداد و شمار افغانستان اور زمبابوے کے درمیان ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کے دوران بھی سامنے آئے۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ پر دوسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز بنائے۔ ٹیلر نے 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور زمبابوے نے یہ میچ 154 رنز سے جیت لیا۔

اسی گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر اُتنے ہی رنز بنائے تھے جتنے زمبابوے نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بنائے، یعنی 333 رنز۔ جس میں رحمت شاہ کے شاندار 114 رنز بھی شامل تھے۔

آپ سوچ رہے ہوں گے کہ اس میں دلچسپ اعداد و شمار کا کیا عمل دخل ہے؟ تو دیکھیے۔

اس بار ہدف کا تعاقب کرنا تھا زمبابوے کو۔ لیکن حیران کن طور پر وہ بھی اتنے ہی رنز پر ڈھیر ہوگئی جتنے دوسرے میچ میں افغانستان نے بنائے، یعنی 179 رنز۔

اس طرح زمبابوے اور افغانستان نے ایک دوسرے کو یکساں یعنی 154 رنز سے شکست دی۔

 

error: Content is protected !!