شرجیل خان پرعائد پابندی کاخاتمہ دس اگست کو ہوگا

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں شرجیل خان پرعائد پابندی کاخاتمہ دس اگست کو ہو رہا ہے۔ دو ہزار سترہ میں اوپنر پر پانچ سالہ پابندی عائد کی گئی تھی۔ جس میں آدھی مدت معطل تھی۔ شرجیل خان نے قوانین کے مطابق ری ہیب لیٹیشن پروگرام میں شرکت کے لیے پی سی بی کوخط لکھ دیاہے۔پی ایس ایل ٹو دو ہزار سترہ اسپاٹ فکسنگ سے متاثر ہوئی تھی لیکن پی سی بی نے فوری اقدام کرتے ہوئے۔ شرجیل خان، خالدلطیف، شاہ زیب خان، ناصرجمشید اور محمد عرفان کو مختلف سزائیں سنائیں۔ شرجیل خان پر ڈھائی سال معطل سمیت پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی۔ اوپنر پر عائد ڈھائی سالہ مدت دس اگست کوختم ہو رہی ہے۔ قوانین کے مطابق پی سی بی معطل بین پرعمل نہ کرتے ہوئے اوپنر کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کی اجازت دے سکتی ہے لیکن اس سے پہلے شرجیل خان کو عوام کیسامنے اپنی غلطی کا اعتراف اور بورڈ کے ری ہیب لیٹیشن پروگرام میں شرکت کرنا ہوگی۔انتیس سالہ جارح مزاج اوپنر نے پی سی بی ری ہیب پروگرام میں شرکت کے لیے خط لکھ دیاہے۔ اجازت ملنے پر شرجیل خان کو نئے سسٹم میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم اور فٹنس کا ثبوت دینا ہو گا۔جس میں بہتر پرفارمنس انہیں قومی ٹیم میں واپسی کاموقع مل سکتاہے۔شرجیل خان نے ایک ٹیسٹ میں چوالیس رنز بنائے۔ پچیس ون ڈے میں ایک سنچری اور چھ ففٹیز سمیت آٹھ سوبارہ رنز اسکور کیے۔ جس میں بہترین اسکور ایک سو باون رنز ہے۔ پندرہ ٹی ٹوئنٹی میں دو ففٹیز سمیت تین سو ساٹھ رنز بنائے ہیں۔

error: Content is protected !!