لیثرز لیگس اسکول اینڈ اکیڈمیز چمپئن شپ کا اورنگی ٹاؤن میں آغاز


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) ورلڈ گروپ کے زیر اہتمام لیثررلیگس اسکول اینڈ اکیڈمیز چمپئن شپ کا آغاز ہوگیا۔ ابراہیم علی بھائی اسکول گراؤنڈ اورنگی نمبر 5پر انٹرنیشنل اسٹرائیکر کے پی ٹی کے غلام فاروق نے بحیثیت مہمان خصوصی گیند کو ہٹ لگا کر ایونٹ کا افتتاح کیا ۔ افتتاحی میچ میں ابراہیم علی بھائی اسکول (گرلز) نے یونک اسٹار اسکول کو رمشا کے واحد اور فیصل کن گول کی بدولت 1-0سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔ مہمان خصوصی نے دوران خطاب ورلڈ گروپ کے چیئرمین محمود ٹرنک والا کی فروغ فٹبال کیلئے کی جانے والی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسکول فٹبال کا کلچر اور ٹورنامنٹ کا انعقاد یاد ماضی بن گیا تھا لیکن ٹرنک والا فیملی نے اسکول اور اکیڈمیز کے ایونٹ سے اسے دوبارہ زندہ کردیا ہے ۔ نوجوان گرلز اینڈ بوائز پلیئرز انتہائی جوش و جذبہ کے ساتھ ان مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔ انہیں خوشی ہے کہ وہ اپنی قدرتی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کرکے لیثررلیگس کے تعاون سے فٹبال کی دنیا میں نہ صرف پاکستان بلکہ غیر ممالک میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔اس موقع پر ایریا منیجر اور ہیڈ اسکول اینڈ اکیڈمیز ایونٹ ریاض احمد نے چمپئن شپ کے اغراض و مقاصد کو تفصیل سے بیان کرتے ہوئے کہا لیثرر لیگس کراچی کے ساتھ سندھ کے دیگر ڈسٹرکٹس میں بھی مذکورہ ایونٹ کے انعقاد کیلئے بھی پیشرفت جاری ہے۔

بہت جلد کراچی کے بعد سندھ کے دیگر ڈسٹرکٹس میں بھی ان مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ابراہیم علی بھائی اسکول کے پرنسپل عبدالحفیظ مہر ،ذاکر خان ، محمد فیاض ، ایونٹ میں شریک پلیئرز کے والدین و دیگر شائقین بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔گرلز ایوننٹ کے دیگر میچوں میں اورنگی فوکس نے فاطمہ اسلامک اسکول کو 1-0سے مات دی ۔ میچ کا فیصلہ کن گول فاریہ نے اسکور کیا۔ بیکن اسلامک اسکول کو ینگ اسکالرز کیخلاف 2-0کی کامیابی حاصل ہوئی۔ دونوں گول فاتح ٹیم کی ماہ نور نے بنائے۔المعارج اسکول نے ورلڈ گرامر اسکول کو 2-1کی شکست سے دوچار کیا۔ فاتح ٹیم کی وجیہہ اور مانیا نے ایک ایک بار گیند کو جال میں ڈالا جبکہ فائزہ نے اپنی ٹیم کے خسارے کو 1-2کیا۔ اسی گراؤنڈ پر کھیلے گئے بوائز ایونٹ میں ابراہیم علی بھائی اسکول نے ینگ اسکالرز کو 1-0سے زیر کیا۔ فیصل کا گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔یونک اسٹار کے سمیع نے فاطمہ گرامر اسکول کیخلاف فیصلہ کن گول داغ کر اپنی ٹیم کو 1-0سے سرخرو کردیا۔ اورنگی فوکس اکیڈمی کے اسد نے ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا جب بیکن اسلامک اسکول کیخلاف انہوں نے اپنی ٹیم کی جانب سے تینوں گول اسکورکئے۔ناکام سائیڈ کا واحد گول سلمان نے بنایا۔ورلڈ گرامر اورشاہین پاکستان کا مقابلہ 0-0کی برابری پر ختم ہوا۔ ریفریز محمد شہزاد خان اورمحمد فیاض جبکہ میچ سپروائزر ذاکر خان تھے۔

error: Content is protected !!