وسیم اکرم کا عامر کو ٹیسٹ کرکٹ نہ چھوڑنے کا مشورہ

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)فاسٹ بولر محمد عامر کے بارے میں کئی ماہ سے یہ خبر گرم ہے کہ وہ اپنے کیریئر کو طول دینے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا چاہتے ہیں اور اپنے کیریئر کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ تک محدود رکھنا چاہتے ہیں۔عامر بھی ڈھکے چھپے الفاظ میں ٹیم انتظامیہ سے اپنی اس خواہش کا اظہار کر چکے ہیں لیکن ماضی کے عظیم فاسٹ بولر اور سابق کپتان وسیم اکرم نے فاسٹ بولر محمد عامر کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ دنیا کے عظیم کھلاڑی ٹیسٹ میچز میں اپنی کارکردگی کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں اگر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی اور محدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ دی تو ہوسکتا ہے کہ انہیں پیسہ ضرور مل جائے لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا نام عظیم فاسٹ بولرز کی فہرست میں لانے کیلئے انہیں ٹیسٹ ریکارڈ بہتر بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔51 سالہ وسیم اکرم جو پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 414 اور ون ڈے انٹرنیشنل میں 502 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹار ہے لیکن آفریدی کی تمام کرکٹ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تک محدود ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے عظیم بولرز کی فہرست میں شاہد آفریدی کا نام کبھی شامل نہیں ہوسکتا۔خیال رہے کہ 26 سالہ فاسٹ بولر محمد عامر نے 31 ٹیسٹ میچز میں 100 وکٹیں حاصل کی ہیں، ان کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ ٹیسٹ میچوں سے زیادہ محدود اوورز کی کرکٹ کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔جمعرات کو لارڈز میں جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ محمد عامر ابھی کم عمر ہے اس کا کیریئر مزید طویل ہوسکتا ہے، اس لیے انہیں ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے۔وسیم اکرم نے کہا کہ مجھے خوشی ہوگی جب عامر اپنا کیریئر ختم کریں تو ان کے نام کے سامنے ڈھائی تین سو وکٹ ہوں اور انہیں بھی عظیم ترین بولرز کی فہرست میں شامل کیا جائے۔سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ سے قبل ایک سال کا مصروف سیزن ہے اس لیے ٹیم انتظامیہ کو 25 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردینا چاہیے اور ان کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس پر توجہ دینی ہوگی اور ٹیم انتظامیہ کو ان کھلاڑیوں کو احتیاط سے استعمال کرنا ہوگا۔

error: Content is protected !!