ون ڈے سیریز،پاکستان کا کم بیک،دوسرا ون ڈے میچ 6وکٹوں سے جیت لیا


دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)شاہین آفریدی کی عمدہ باؤلنگ کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میچ میں 6وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ابوظہبی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ایک مرتبہ بہترین آغاز کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کولن منرو کو 14 کے اسکور پر آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بدقسمت ثابت ہوئے اور جیارج ورکر کی جانب سے کھیلے گئے شاٹ پر گیند شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھ سے لگنے کے بعد وکٹوں سے جا ٹکرائی اور اس موقع پر دوسرے اینڈ پر ولیمسن کریز سے باہر موجود تھے لہٰذا انہیں پویلین لوٹنا پڑا۔ورکر نے روس ٹیلر کے ہمراہ 46رنز کی شراکت قائم کی لیکن محمد حفیظ نے 28رنز بنانے والے اوپننگ بلے باز کی وکٹیں بکھیر کر پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔ابھی نیوزی لینڈ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ دو رنز کے اضافے سے شاہین آفریدی نے ٹام لیتھم کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔73رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد روس ٹیلر کا ساتھ دینے ہنری نکولس آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 75رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا کسی حد تک ازالہ کردیا۔

دونوں کھلاڑی باآسانی رنز بناتے جا رہے تھے جس سے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے ماتھے پر شکنیں واضح طور پر دیکھی جا سکتی تھیں لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت پاکستان کے لیے مزید خطرناک شکل اختیار کرتی، حسن علی نے نکولس کی وکٹیں بکھیر دیں جنہوں نے 33رنز بنائے۔کولن ڈی گرینڈ ہوم پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 3رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی وکٹ بنے جبکہ ٹم ساؤدھی بھی 13رنز بنا سکے۔لیکن دوسرے اینڈ سے تجربہ کار روس ٹیلر ڈٹے رہے اور انہوں نے ناقابل شکست 86رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔نیوزی لینڈ کے سب سے تجربہ کار بلے باز کی عمدہ اننگز کی بدولت مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 38رنز کے عوض 4وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں حسن علی کےحصے میں آئیں۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے قومی ٹیم کو 12اوورز میں 54رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن اس موقع پر امام سر پر گیند لگنے کے نتیجے میں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔فخر کا ساتھ دینے بابر اعظم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 101رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے نیوزی لینڈ کی میچ میں واپسی کے تمام تر راستے بند کردیے۔

اس موقع پر فخر زمان اور بابر یکے بعد دیگرے ایک ہی اوور میں فرگیوسن کی وکٹ بن گئے، اوپننگ بلے باز نے 88 اور بابر نے 46رنز کی اننگز کھیلی۔اسکور 177 تک پہنچا ہی تھا کہ شعیب ملک بدقسمتی کی نذر ہو گئے اور ان کی جانب سے کھیلا گیا زور دار شاٹ پر گیند شارٹ لیگ پر کھڑے فیلڈر سے لگنے کے بعد دوسرے فیلڈر کے ہاتھوں میں پہنچ گئی۔کپتان سرفراز احمد اور محمد حفیظ نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی جس کے بعد اش سودھی کی گیند پر پاکستانی ٹیم کے قائد کی اننگز اختتام پذیر ہوئی جنہوں نے 13رنز بنائے۔اس کے بعد حفیظ اور شاداب نے مزید کسی نقصان کے بغیر پاکستان کو 57گیندوں قبل ہی ہدف تک رسائی دلا کر 6وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے کلم فرگیوسن نے تین اور اش سودھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔شاہین شاہ آفریدی کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!