ڈی جی سپورٹس عدنان ارشد اولکھ کا مختلف شہروں میں ترقیاتی منصوبوں اور سپورٹس سہولیات کا معائنہ

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے صوبہ بھر میں سپورٹس کی اعلیٰ سہولتیں فراہم کی ہیں، نوجوان ان سہولتوں سے استفادہ کریں اور اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی، گوجرخان، جہلم اور گجرات میں سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں اور سپورٹس کی سہولتوں کے معائنہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلدازجلد مکمل کیا جائے اور سپورٹس کی سہولتوں کی دیکھ بھال کی جائے تاکہ کھلاڑیوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے راولپنڈی میں شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم ، میونسپل فٹ بال سٹیڈیم ، وقارالنساء گرلز کالج میں ٹرف اور فلڈ لائٹس جبکہ لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس میں ٹیبل ٹینس اور سکواش کورٹس کا معائنہ کیا، انہوں نے ان میں کھلاڑیوں کو فراہم کی گئی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ضروری انتظامات کئے جائیں۔

راولپنڈی میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملک وقار نے ڈی جی سپورٹس پنجاب کو ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی اور پی ایم یو افسران بھی موجود تھے۔


ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد والکھ نے گوجر خان کرکٹ سٹیڈیم کے ترقیاتی کام اور سوار محمد حسین شہید کرکٹ گرائونڈ کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے ہدایت کی کرکٹ گرائونڈ میں معمولی نوعیت کے کاموں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے، انہوں نے وہاں پر ایک بشر، دوشجر مہم کے سلسلہ میں پودا بھی لگایا، بعدازاں انہوں نے ضلع جہلم کی تحصیل دینہ کے چک اکا میں زیرتعمیر کرکٹ گرائونڈ کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا

انہوں نے کہا کہ وہ ایک ماہ بعد دوبارہ کرکٹ گرائونڈ کا معائنہ کریں گے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے جہلم جمنیزیم ہال کا بھی معائنہ کیا اور پودا بھی لگایا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم بھی ساتھ تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے گجرات میں سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں اور سوئمنگ کمپلیکس کا بھی معائنہ کیا۔


ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے صوبہ بھر میں سپورٹس کا بہترین انفراسٹرکچر قائم کیا ہے جس میں بہترین سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں، نوجوان اب سہولتوں کی کمی کا گلہ نہیں کرسکتے

ان کو ان کے گھر کے قریب ہی بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں لہٰذا نوجوان اب ان سہولتوں سے فائدہ اٹھا کر اپنے کھیل کو بہتر بنائیں اور سپورٹس کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کریں۔

error: Content is protected !!